امت نیوز ڈیسک //
نئی دہلی: قومی دارالحکومت دہلی میں زور دار دھماکے کے ایک دن بعد بدھ کو ایک سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آیا ہے، جس میں لال قلعہ میٹرو اسٹیشن کے قریب دھماکے کا صحیح لمحہ دکھایا گیا ہے۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کس طرح شہر کی مصروف سڑک پر ایک معمول کی شام لمحوں میں افراتفری میں بدل گئی۔
یہ ویڈیو لال قلعہ کراسنگ پر نصب کیمرے سے ریکارڈ کیا گیا۔ دھماکے سے قبل معمول کے مطابق ٹریفک کی آمدو رفت کو دیکھا جا سکتا ہے اور پھر اچانک آگ کے گولے نے پوری اسکرین کو اپنی زد میں لے لیا۔
پیر کی شام تقریباً 6.50 بجے ہونے والا یہ دھماکہ سرخ غبارے کی طرح پھٹا، اس کے بعد پورے علاقے میں افراتفری اور خوف و ہراس پھیل گیا۔ اس سی سی ٹی وی ریکارڈنگ سے دھماکے کے وقت کی تصدیق ہوتی ہے جسے تفتیش کاروں نے ابتدائی شواہد کے مطابق پہلے بتا دیا تھا۔
فوٹیج میں لال قلعہ کراسنگ پر گاڑیوں، بائکس اور بسوں کو اسٹریٹ لائٹس کے نیچے آگے بڑھتے ہوئے ٹریفک سست رفتاری سے چلتی دکھائی دے رہی ہے۔ مگر اسی دوران پلک جھپکتے ہی اچانک ایک فلیش نے سکرین کو روشن کر دیا، اس کے بعد آگ کا ایک گولہ جس نے آس پاس کے علاقے کو اپنی زد میں لے لیا۔ دھماکے کے بعد لوگ اپنی جان بچانے کے لیے دوڑ پڑے، گاڑیاں رک گئیں اور علاقہ مکمل طور پر دھوئیں سے بھر گیا۔
حکام کے مطابق دھماکہ ایک ہونڈائی i20 کار سے ہوا جو دھماکے سے عین پہلے کی فوٹیج میں دکھائی دے رہی تھی۔ آگ کا گولہ پھٹنے سے پہلے سگنل کے قریب گاڑی کی رفتار سست ہوتی دکھائی دیتی ہے، جس سے لگتا ہے کہ دھماکہ خیز مواد اندر تھا۔
اس دھماکے کی جانچ نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی (این آئی اے) کے حوالے کر دی گئی ہے، جو اب آس پاس کے کیمروں سے سو سے زیادہ سی سی ٹی وی کلپس کی جانچ کر رہی ہے تاکہ کار کے راستے کا پتہ لگایا جا سکے اور اس واردات میں ملوث ہر شخص کی شناخت کی جا سکے۔









