امت نیوز ڈیسک //
نئی دہلی: مرکزی کابینہ کا اجلاس بدھ کو وزیر اعظم نریندر مودی کی صدارت میں منعقد ہوا، جس میں دہلی کے لال قلعہ کے قریب 10 نومبر کی شام ہونے والے کار بم دھماکے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا گیا۔ کابینہ نے اس دہشت گرد حملے میں جاں بحق ہونے والے معصوم شہریوں کی یاد میں دو منٹ کی خاموشی اختیار کی۔
اجلاس کے دوران کابینہ نے ایک متفقہ قرارداد منظور کی، جس میں اس واقعے کو "ملک دشمن عناصر کی جانب سے انجام دیا گیا ایک بہیمانہ دہشت گرد حملہ” قرار دیا گیا۔
قرارداد میں کہا گیا کہ: "ملک نے ایک سنگین دہشت گرد واقعہ دیکھا، جس میں لال قلعہ کے قریب کار دھماکے کے نتیجے میں متعدد قیمتی جانیں ضائع ہوئیں اور کئی لوگ زخمی ہوئے۔ کابینہ ان بے گناہ شہریوں کے اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتی ہے۔”
کابینہ نے زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کی اور ان طبی اہلکاروں، ریسکیو ٹیموں اور ایمرجنسی اسٹاف کی خدمات کو سراہا جنہوں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے متاثرین کو مدد فراہم کی۔
مزید کہا گیا کہ: "کابینہ اس بزدلانہ اور وحشیانہ دہشت گردی کے عمل کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتی ہے، جس کے نتیجے میں معصوم جانیں ضائع ہوئیں۔ بھارت ہر صورت اور ہر شکل میں دہشت گردی کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر قائم ہے۔”
کابینہ نے دنیا بھر کی حکومتوں اور بین الاقوامی رہنماؤں کی جانب سے بھارت کے ساتھ اظہارِ یکجہتی پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ عالمی تعاون دہشت گردی کے خلاف مشترکہ عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
تحقیقات کے لیے سخت ہدایات، اعلیٰ سطح پر نگرانی جاری
اجلاس میں اس بات پر اطمینان ظاہر کیا گیا کہ سیکورٹی ایجنسیوں، دہلی پولیس، نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی (این آئی اے) اور شہریوں نے بروقت اور ہم آہنگ انداز میں ردعمل دکھایا۔ کابینہ نے کہا کہ ان اہلکاروں کی ہمت، فرض شناسی اور پیشہ ورانہ مہارت قابلِ تعریف ہے۔
کابینہ نے متعلقہ اداروں کو ہدایت دی کہ تحقیقات کو انتہائی ترجیح اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ آگے بڑھایا جائے تاکہ اس بھیانک حملے کے ذمہ داروں، ان کے مددگاروں اور سرپرستوں کو جلد از جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔
سرکاری بیان میں کہا گیا کہ معاملے کی نگرانی حکومت کی اعلیٰ ترین سطح پر جاری ہے اور تمام سیکورٹی ادارے آپس میں مسلسل رابطے میں ہیں تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے کا تدارک کیا جا سکے۔
قومی سلامتی کے عزم کا اعادہ
کابینہ نے اس عزم کو دہراتے ہوئے کہا کہ حکومت ہند ہر حال میں ملک کے شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ: "حکومت بھارت کی سرزمین پر امن و سلامتی برقرار رکھنے، عوام کے اطمینان اور قومی سلامتی کو یقینی بنانے کے اپنے پختہ عزم پر قائم ہے۔ دہشت گردی کے خلاف ہماری جدوجہد پوری قوت کے ساتھ جاری رہے گی۔”










