امت نیوز ڈیسک //
سرینگر، 15 نومبر : ایک نائب تحصیلدار سمیت 9 افراد اس وقت جاں بحق اور 29 دیگر زخمی ہوگئے جب گزشتہ رات گئے سرینگر کے نوگام پولیس اسٹیشن میں تیز دھماکہ ہوا، حکام نے بتایا۔
ایک عہدیدار نے نیوز ایجنسی— کشمیر نیوز آبزرور کو بتایا کہ دھماکہ اس وقت ہوا جب پولیس اسٹیشن میں محفوظ ایک ضبط شدہ دھماکہ خیز مواد اچانک پھٹ گیا۔
انہوں نے کہا کہ یہ دھماکہ خیز مواد— غالباً امونیم نائٹریٹ — حال ہی میں ہریانہ کے فریدا آباد سے نوگام پولیس اسٹیشن لایا گیا تھا۔ یہ مواد اس وقت ضبط کیا گیا تھا جب جموں و کشمیر پولیس اور فریدا آباد پولیس نے مبینہ ڈاکٹروں کے دہشت گردی کے نیٹ ورک کو بے نقاب کیا تھا۔
انہوں نے کہا: “ہلاک ہونے والوں میں زیادہ تر پولیس اہلکار اور ایف ایس ایل ٹیم کے ارکان شامل ہیں۔ ایک نائب تحصیلدار اور ایک مقامی درزی بھی جاں بحق ہونے والوں میں شامل ہیں، جبکہ 29 افراد زخمی ہیں۔ بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔”
عہدیدار نے مزید بتایا کہ لاشوں کی شناخت جاری ہے کیونکہ کچھ لاشیں مکمل طور پر جل چکی ہیں۔ دھماکے کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ جسم کے کچھ اعضا قریب کے گھروں سے برآمد ہوئے— جو پولیس اسٹیشن سے تقریباً 100 سے 200 میٹر دور ہیں۔
انہوں نے کہا کہ زخمیوں کو علاج کے لیے سرینگر میں آرمی کے 92 بیس اسپتال، ایس کے آئی ایم ایس صورہ اور ایک مقامی نجی اسپتال منتقل کیا گیا ہے—(کے این او)











