امت نیوز ڈیسک //
نئی دہلی: دہلی کی ایک عدالت نے منگل کو لال قلعہ کار دھماکے کے سلسلے میں جاسر بلال وانی کو 10 دن کےلئے این آئی اے کی تحویل میں بھیج دیا، جو مبینہ طور پر خودکش حملہ آور عمر النبی کا "سرگرم شریک سازشی” ہے۔ پرنسپل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج انجو بجاج چندنا نے این آئی اے کی اس عرضی کو منظور کر لیا جس میں ملزم سے پوچھ گچھ کےلئے تحویل میں دینے کی درخواست کی گئی تھی۔
اس دوران میڈیا کے نمائندوں کو عدالت کے احاطے میں داخل ہونے سے روک دیا گیا۔ عدالت کے احاطے میں پولیس اور ریاپڈ ایکشن فورس کی بھاری نفری تعینات کی گئی تھی جبکہ اسٹینڈ بائی پر بھی کئی اہلکار کو رکھا گیا تھا تاکہ کسی بھی ناخوشوار واقعہ کو روکا جاسکے۔ ایجنسی نے ایک بیان میں کہا کہ اننت ناگ کے قاضی گنڈ کے رہائشی، وانی کو پیر کے روز گرفتار کیا گیا جبکہ ان پر ڈرون میں ترمیم کرکے سری نگر میں حملوں کو انجام دینے اور بم دھماکے سے قبل راکٹ بنانے کی کوشش کے لیے تکنیکی مدد فراہم کرنے کے الزامات عائد کئے گئے۔
پیر کو ایک بیان میں، این آئی اے نے وانی کو حملے کے پیچھے ایک فعال شریک سازشی قرار دیا، جس نے عمر النبی کے ساتھ مل کر "دہشت گردی” کی منصوبہ بندی کی۔ پیر کو عدالت نے اس کیس کے اہم ملزم عامر راشد علی کو 10 دن کے لیے این آئی اے کی تحویل میں دے دیا۔ ایجنسی نے عدالت کو بتایا تھا کہ عامر نے مبینہ طور پر ایک محفوظ گھر کا انتظام کیا اور نبی کو لاجسٹک سپورٹ فراہم کی تھی۔








