امت نیوز ڈیسک //
گاندربل: دلی کے لال قلعہ کے قریب حال ہی میں ہونے والے کار دھماکے میں جاں بحق ہونے والے 27 سالہ مزدور بلال احمد سانگو کی میت بدھ کے روز اُن کے آبائی گاؤں بابا نگری ونگت (کنگن) پہنچا دی گئی۔
بلال 2019 سے دہلی میں محنت مزدوری کر رہے تھے اور دھماکے میں جان گنوانے والے تیرہ افراد میں شامل تھے۔
پولیس کے مطابق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ایک تصویر نے بلال کی شناخت کے عمل میں اہم کردار ادا کیا۔ تصویر میں دکھائی دینے والے ایک جاں بحق شخص کی شناخت مقامی لوگوں نے ونگت میں کی اور فوراً اہلِ خانہ کو مطلع کیا۔ بعد میں رشتہ داروں نے تصویر میں موجود جسمانی نشانات کی بنیاد پر بلال کی شناخت کی تصدیق کی اور فوری طور پر دہلی و کشمیر پولیس سے رابطہ کیا۔
اہلِ خانہ نے کشمیر نیوز ٹرسٹ کو بتایا کہ انہیں انتظامیہ کی جانب سے یقین دہانی کرائی گئی تھی کہ میت کی واپسی کے تمام انتظامات حکومت کی طرف سے مکمل کیے جائیں گے۔ دہلی پولیس اور جے اینڈ کے پولیس کے درمیان پوری رات رابطہ برقرار رہا اور لوازمات کی تکمیل کے بعد میت کی ترسیل کا انتظام کیا گیا۔
بدھ کی صبح بلال کی میت بابا نگری ونگت پہنچتے ہی علاقے میں غم و اندوہ کی فضا قائم ہوگئی۔ مقامی لوگوں کی بڑی تعداد نے مرحوم کے جسد خاکی کو اشکبار آنکھوں کے ساتھ وصول کیا۔
اہلِ خانہ نے بتایا کہ بلال دہلی میں یومیہ مزدوری کر کے اپنے گھر کا خرچ چلاتا تھا۔
بعد ازاں سینکڑوں لوگوں کی موجودگی میں بلال احمد سانگو کو اُن کے آبائی قبرستان میں سپردِ خاک کر دیا گیا۔ (کے این ٹی)









