امت نیوز ڈیسک //
سرینگر، 29 نومبر : سرینگر کے وسطی علاقے پرتاپ پارک میں آج ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جب ایک نوجوان لڑکی نے مبینہ طور پر خود کو آگ لگا لی، جس کے بعد علاقے میں بھگدڑ اور شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔
عینی شاہدین کے مطابق لڑکی نے خود پر کوئی قابلِ اشتعال مادہ چھڑکا اور چند لمحوں بعد آگ لگادی۔ موقع پر موجود لوگوں نے فوری طور پر امداد کی کوشش کی اور اسے شدید جھلسنے کی حالت میں قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں اس کا علاج جاری ہے۔
اس دلخراش واقعے نے ایک بار پھر وادی میں بڑھتے ہوئے ذہنی صحت کے مسائل اور کمزور سماجی معاونتی نظام کو اجاگر کردیا ہے۔ مقامی باشندوں اور انسانی حقوق کے کارکنوں کا کہنا ہے کہ ایسے واقعات اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ فوری طور پر قابلِ رسائی کونسلنگ مراکز، کمیونٹی سپورٹ پروگرامز اور مؤثر ایمرجنسی ریسپانس نظام کی سخت ضرورت ہے۔
حکام نے واقعے کے اسباب جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔











