امت نیوز ڈیسک //
سرینگر، 29 نومبر: وزیراعلیٰ عمر عبداللہ نے کہا ہے کہ رواں سال وادی کی سیاحتی صنعت کو متعدد چیلنجز کا سامنا رہا ہے اور موسمِ سرما کی سیاحت کو بہتر بنانے کے لیے برفباری سب سے اہم عنصر رہے گا۔
سرینگر میں نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جہاں کہیں بھی سیاحت کے شعبے سے متعلق کاروباری روابط بڑھتے ہیں، وہاں مثبت نتائج سامنے آتے ہیں، تاہم ’’سیاحت کے فروغ میں تشہیر اور مارکیٹنگ سب سے بڑی محرک طاقت ہیں‘‘۔
عمر عبداللہ نے اعتراف کیا کہ سال 2025 سیاحت کے لیے آسان نہیں رہا۔ انہوں نے کہا:
’’چاہے پہلگام ہو، دہلی ہو یا نَوگام، اس سال نے ہمیں کافی آزمایا ہے۔ نومبر خشک گزرا ہے اور اب ہم دسمبر میں اچھی برفباری کی امید لگائے ہوئے ہیں۔‘‘
وزیراعلیٰ نے بتایا کہ سیاح اب بھی پہلگام اور وادی کے دیگر مقامات کا رخ کر رہے ہیں، لیکن اگر تازہ برفباری ہوئی تو سردیوں کی سیاحت کو زبردست تقویت ملے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کو امید ہے کہ اس سال کرسمس اور نئے سال کے موقعے پر سیاحتی سرگرمیوں میں نمایاں بہتری دیکھنے کو ملے گی۔









