امت نیوز ڈیسک //
اُدھمپور، 3 دسمبر: اُدھمپور ضلع کے ٹکری علاقے میں پیش آئے ایک المناک سڑک حادثے میں سرینگر کا ایک نوجوان جان کی بازی ہار بیٹھا، جبکہ دو دیگر افراد شدید زخمی ہو گئے۔
جاں بحق نوجوان کی شناخت ولید احمد کے طور پر ہوئی ہے جو پیشے سے ڈرائیور اور سرینگر کے بمنہ علاقے کا رہائشی تھا۔ ابتدائی معلومات کے مطابق وہ جس گاڑی کو چلا رہا تھا وہ ٹکری کے مقام پر خوفناک حادثے کا شکار ہوگئی۔ ٹکر اتنی شدید تھی کہ ولید احمد موقع پر ہی دم توڑ بیٹھا۔
حادثے میں زخمی ہونے والے دو دیگر افراد کو فوری طور پر نزدیکی طبی مرکز منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹرز کے مطابق ان کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے اور انہیں انتہائی نگہداشت میں رکھا گیا ہے۔
پولیس نے حادثے کا مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کر دی ہیں تاکہ حادثے کی اصل وجہ کا پتہ لگایا جا سکے۔(کے این ٹی)










