امت نیوز ڈیسک //
سرینگر، 15 جنوری : ایران میں موجودہ صورتحال کے پیشِ نظر حکومتِ جموں و کشمیر نے جمعرات کو یونین ٹیریٹری کے اُن باشندوں اور طلبہ کے لیے ایک افسر نامزد کیا ہے جو اس وقت ایران میں مقیم ہیں یا تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔
جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری ایک سرکاری حکم نامے کے مطابق، انیل شرما، جے کے اے ایس، ایڈیشنل ریزیڈنٹ کمشنر، حکومتِ جموں و کشمیر، نئی دہلی کو ایران میں موجود جے کے کے باشندوں اور طلبہ کے امور کے لیے رابطہ و ہم آہنگی کا نوڈل افسر مقرر کیا گیا ہے۔
حکم نامہ میں کہا گیا ہے کہ نامزد افسر وزارتِ خارجہ، حکومتِ ہند، متعلقہ سفارت خانے اور قونصلر حکام سمیت دیگر متعلقہ اداروں کے ساتھ رابطہ اور ہم آہنگی قائم کرے گا۔
نوڈل افسر کو ایران میں موجود جموں و کشمیر کے باشندوں اور طلبہ کی حفاظت، فلاح و بہبود، معلومات کی فراہمی، سفری سہولتوں اور دیگر متعلقہ امور کے سلسلے میں ضروری اقدامات اور رابطہ کاری کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔
یہ اقدام ایران میں بھارتی شہریوں، بالخصوص طلبہ، کی سلامتی اور بہبود کے حوالے سے بڑھتے ہوئے خدشات کے پیشِ نظر اٹھایا گیا ہے اور ان کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے حکومتی مداخلت کے مطالبات کے بعد سامنے آیا ہے۔ [کے این ٹی]










