امت نیوز ڈیسک //
سری نگر، 16 جنوری: کشمیر کے معروف ڈاکٹر روف نے حکومت سے فوری مدد کی اپیل کی ہے تاکہ ان کی شدید علیل اہلیہ کو سعودی عرب کے شہر مکہ میں واقع اسپتال سے ایئر لفٹ کر کے سری نگر منتقل کیا جا سکے۔
ڈاکٹر روف کے مطابق ان کی اہلیہ اس وقت مکہ کے ایک اسپتال میں انتہائی نازک حالت میں زیرِ علاج ہیں۔ انہوں نے جذباتی اپیل کرتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا اور وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ سے درخواست کی ہے کہ وہ اس معاملے میں مداخلت کریں اور مرکزی وزیر خارجہ سے رابطہ کر کے ان کی اہلیہ کی سری نگر منتقلی کو ممکن بنائیں۔
ڈاکٹر روف نے کہا، “میں اپنی زندگی کے بدترین دور سے گزر رہا ہوں۔ میں حکام اور مخیر حضرات سے اپیل کرتا ہوں کہ میری بیمار اہلیہ کو علاج کے لیے سری نگر واپس لانے میں مدد کریں۔”
انہوں نے بتایا کہ ان کی اہلیہ کو فالج (اسٹروک) ہوا ہے اور ڈاکٹروں نے کہا ہے کہ صحت یابی میں کئی مہینے بلکہ ایک سال تک بھی لگ سکتا ہے۔
ادھر اہلِ خانہ اور قریبی رشتہ داروں نے بھی حکام سے پرزور اپیل کی ہے کہ متاثرہ خاندان کی فوری مدد کے لیے ہنگامی اقدامات کیے جائیں۔
(کے آئی این ایس)










