امت نیوز ڈیسک //
گاندربل، 15 جون: وسطی کشمیر کے ضلع گاندربل کے کنگن علاقے کے گنڈ میں واقع پاور کینال سے پیر کے روز ایک 20 سالہ نوجوان خاتون کی لاش برآمد کر لی گئی، جبکہ ایک اور لاپتہ شخص کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق گنڈ کے نزدیک پاور کینال میں دو افراد کے ڈوبنے کی اطلاع ملنے کے بعد پولیس، ایس ڈی آر ایف اور مقامی رضاکاروں نے مشترکہ طور پر بڑے پیمانے پر تلاش مہم شروع کی۔
کئی گھنٹوں کی مسلسل کوششوں کے بعد ریسکیو ٹیموں نے ایک نوجوان خاتون کی لاش کینال سے برآمد کر لی۔ تاہم دوسرے لاپتہ شخص کا ابھی تک کوئی سراغ نہیں مل سکا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ لاپتہ شخص کی تلاش کے لیے کینال اور اس سے ملحقہ علاقوں میں سرچ آپریشن جاری ہے، جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات بھی عمل میں لائی جا رہی ہیں۔






