امت نیوز ڈیسک //
سری نگر، 15 جون: جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے کہا ہے کہ ریاستی درجے (اسٹیٹ ہڈ) کی بحالی کے مطالبے کو لے کر پارلیمنٹ کے مانسون اجلاس کے پہلے دن نئی دہلی کے جنتر منتر پر احتجاج کا منصوبہ برقرار ہے۔
صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے عمر عبداللہ نے کہا کہ وہ دہلی جا کر جموں و کشمیر کے عوام کو کیے گئے ریاستی درجے کے وعدے کی یاد دہانی کرائیں گے، جس کا ذکر سپریم کورٹ، پارلیمنٹ اور مختلف عوامی اجتماعات میں کیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ حالیہ گفتگو کے دوران وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ ریاستی درجے، جموں و کشمیر کی مالی صورتحال اور ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر اعلیٰ نے ریزرویشن سے متعلق سوال پر کہا کہ کابینہ ذیلی کمیٹی کی رپورٹ لیفٹیننٹ گورنر کے ذریعے مرکز کو بھیجی گئی تھی۔ مرکز کی جانب سے طلب کی گئی وضاحتوں کا جواب تیار کر لیا گیا ہے اور جلد ہی کابینہ کی منظوری کے بعد دوبارہ مرکز کو بھیجا جائے گا۔
عمر عبداللہ نے محکمہ تعمیرات عامہ میں 132 جونیئر انجینئروں کی تقرری کا بھی اعلان کیا اور کہا کہ اس سے زمینی سطح پر ترقیاتی کاموں میں بہتری آئے گی۔
انہوں نے کہا کہ محرم الحرام اور سالانہ یاترا کے لیے انتظامات پہلے ہی شروع کیے جا چکے ہیں تاکہ عوام اور زائرین کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔






