امت نیوز ڈیسک //
سری نگر، 15 جون: ضلع گاندربل کے گنڈ علاقے میں پاور کینال میں ڈوبنے والے دونوں افراد کی لاشیں پیر کے روز برآمد کر لی گئیں۔
سرکاری ذرائع کے مطابق 19 سالہ صبرینہ بانو دختر فضل الرحمن خان، ساکن رام واری گنڈ، کی لاش جائے وقوعہ کے قریب کینال سے نکال لی گئی۔ لاش کو قانونی و طبی کارروائی کے لیے پی ایچ سی گنڈ منتقل کیا گیا۔
ریسکیو آپریشن کے دوران بعد میں ایک مرد کی لاش بھی فراؤ ڈیم کے نزدیک برآمد ہوئی، جس کی شناخت 39 سالہ عادل احمد تانترے ولد غلام رسول تانترے ، ساکن گنڈ، کے طور پر کی گئی۔
پولیس اسٹیشن گنڈ نے بھارتیہ ناگرک سرکشا سنہتا کی دفعہ 194 کے تحت مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ دونوں لاشوں کو مزید قانونی کارروائی اور پوسٹ مارٹم کے لیے سب ڈسٹرکٹ ہسپتال کنگن منتقل کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ گنڈ پاور کینال میں ڈوبنے کے واقعے کی اطلاع ملنے کے بعد پولیس، ریسکیو ٹیموں اور مقامی رضاکاروں نے مشترکہ طور پر تلاش مہم شروع کی تھی، جس کے دوران دونوں لاپتہ افراد کی لاشیں برآمد کر لی گئیں۔






