امت نیوز ڈیسک ///
سری نگر، 20 جولائی: محکمہ موسمیاتِ ہند (آئی ایم ڈی) نے جموں و کشمیر، ہماچل پردیش اور اتراکھنڈ کے لیے پیر کے روز انتہائی موسلا دھار بارش کا ریڈ الرٹ جاری کرتے ہوئے عوام اور انتظامیہ کو چوکس رہنے کی ہدایت دی ہے۔
آئی ایم ڈی کے مطابق ان تینوں پہاڑی علاقوں میں چند مقامات پر بہت زیادہ سے انتہائی شدید بارش ہونے کا امکان ہے، جس کے باعث سیلاب، لینڈ سلائیڈنگ اور دیگر موسمی خطرات پیدا ہو سکتے ہیں۔ محکمہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور سرکاری موسمی انتباہات پر عمل کریں۔
محکمہ موسمیات نے آئندہ دو روز کے دوران دہلی، ہریانہ، چندی گڑھ، پنجاب، بہار، چھتیس گڑھ، اتر پردیش، مدھیہ پردیش، جھارکھنڈ، مغربی بنگال، اڈیشہ اور شمال مشرقی ریاستوں کے مختلف علاقوں میں بھی شدید بارش کی پیش گوئی کی ہے۔
اس کے علاوہ کرناٹک، رائل سیما، تلنگانہ، راجستھان، ودربھ اور انڈمان و نکوبار جزائر میں گرج چمک، آسمانی بجلی اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
آئی ایم ڈی نے متاثرہ علاقوں کے رہائشیوں سے احتیاط برتنے، نشیبی علاقوں، دریاؤں اور لینڈ سلائیڈنگ کے خدشے والے مقامات سے دور رہنے اور موسمی صورتحال سے متعلق سرکاری ہدایات پر مسلسل نظر رکھنے کی اپیل کی ہے۔






