امت نیوز ڈیسک //
نئی دہلی/سری نگر، 20 جولائی: جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس (این سی) نے پیر کے روز پارٹی صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ کی قیادت میں نئی دہلی میں جموں و کشمیر کے ریاستی درجے کی بحالی کے مطالبے پر احتجاج کیا۔ اس احتجاج میں وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ بھی جموں و کشمیر سے دہلی پہنچ کر شریک ہوئے۔
احتجاج کا مقصد مرکزی حکومت پر زور دینا تھا کہ وہ جموں و کشمیر کو ریاستی درجہ بحال کرنے سے متعلق اپنا وعدہ پورا کرے۔ اس موقع پر نیشنل کانفرنس کے سینئر رہنما، کانگریس اور اتحادی جماعتوں کے نمائندے بھی موجود تھے۔
احتجاج سے خطاب کرتے ہوئے نائب وزیر اعلیٰ سریندر چودھری نے کہا کہ جموں و کشمیر کے عوام کی بدقسمتی ہے کہ انہیں اپنے حق اور مرکزی حکومت کے وعدے کی یاد دہانی کرانے کے لیے دہلی آکر احتجاج کرنا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امت شاہ نے اسمبلی انتخابات کے بعد ریاستی درجہ بحال کرنے کا وعدہ کیا تھا، لیکن عمر عبداللہ حکومت کے قیام کو تقریباً ڈیڑھ سال گزرنے کے باوجود یہ وعدہ پورا نہیں کیا گیا۔
سریندر چودھری نے کہا کہ نیشنل کانفرنس، کانگریس اور دیگر اتحادی جماعتیں اسی وعدے کی تکمیل کے مطالبے کے لیے متحد ہو کر دہلی آئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی درجے کی بحالی کا وعدہ پارلیمنٹ، سپریم کورٹ اور جموں و کشمیر کے عوام سے کیا گیا تھا، اس لیے اب یہ واضح کیا جائے کہ حکومت کا "مناسب وقت” آخر کب آئے گا۔
نیشنل کانفرنس نے ایک بار پھر واضح کیا کہ جموں و کشمیر کے ریاستی درجے کی بحالی پارٹی کے بنیادی سیاسی مطالبات میں شامل ہے، اور مرکزی حکومت کو چاہیے کہ وہ اپنے وعدے کے مطابق جلد از جلد ریاستی درجہ بحال کرے۔






