امت نیوز ڈیسک //
سرینگر: مرکزی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ آج 27 اکتوبر کے روز وادی کشمیر کے دورے پر ہیں یہ ان کے دو روزہ دورے کا پہلا دن ہے۔ ذرائع کے مطابق دورے کے دوران وزیر دفاع وسطی کشمیر کے ضلع بڈگام میں انفنٹری ڈے اور شوریہ دیوس کی تقریب میں شرکت کریں گے۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ وزیر دفاع سرحدی علاقوں کا بھی دورہ کریں گے اور وہاں پر لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کی تازہ ترین صورتحال کا بھی جائزہ لیں گے۔
معلوم ہوا ہے کہ انفنٹری تقریب میں جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا، چیف آف ڈی ڈیفنس اسٹاف جنرل انل چوہان، جنرل آفیسر کمانڈنگ ان چیف شمالی کمان لیفٹیننٹ جنرل اوپندر دیوی کے علاوہ دیگر سینیئر افسران بھی شرکت کر رہے ہیں۔ اس تقریب کے بعد وزیر دفاع بادامی باغ کنٹونمنٹ سرینگر میں کشمیر کی سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیں گے۔ وزیر دفاع ڈیوٹی کے دوران ہلاک ہوئے کشمیری فوجی جوانوں کے اہل خانہ سے بھی ملاقات کریں گے۔
وزیر دفاع 28 اکتوبر کو ممکنہ طور پر لداخ کا بھی دورہ کریں گے اور وہاں پر چین کے ساتھ لگنے والی صورتحال کے بارے میں سینیئر فوجی آفیسران کے ساتھ تبادلہ خیال کریں گے۔
بتادیں کہ امسال جون مہینے کی 16 تاریخ کو وزیر دفاع راجناتھ سنگھ کشمیر دو روزہ دورے پر گئے تھے۔ اس دوران انہوں نے فارورڈ علاقوں کا دورہ کیا تھا اور وہاں تعینات فوجیوں سے گفتگو بھی کی تھی۔ وزیر دفاع نے 17 جون کو جموں میں مہاراجہ گلاب سنگھ کی 200سالگرہ میں شرکت کی تھی ۔







