(سرینگر) انجمن اوقاف جامع مسجد سرینگر نے نوہٹہ میں واقع وادی کی سب سے بڑی اور تاریخی جامع مسجد میں نماز جمعہ کی ادائیگی پر ایک بار پھر پابندی عائد کرنے پر سخت برہمی کا اظہار کیا ہے۔ انجمن کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ کورونا وبا کی آڑ میں کشمیر کی دیگر چھوٹی بڑی تمام عبادت گاہوں کو کھول دینے کے برعکس صرف جامع مسجد سرینگر پر قدغنیں عائد رکھنا ہر لحاظ سے افسوس ناک اور قابل مذمت طرز عمل ہے۔ انجمن نے بیان میں کہا: ‘’ہم نے یہ بات بار بار دہرائی ہے کہ طاقت کے بل پر مسلمانان کشمیر کو اپنی مذہبی رسومات خاص طور پر نماز جمعہ کی ادائیگی سے روکنا نہ صرف مداخلت فی الدین کے مترادف ہے بلکہ عوام کے دینی جذبات کو جان بوجھ کر مجروح کرنے کے برابر بھی ہے جس کے منفی نتائج بھی برآمد ہو سکتے ہیں’‘۔










