امت نیوز ڈیسک //
راجوری:جموں و کشمیر کے راجوری ضلع کے دھرمسال علاقے میں عسکریت پسندوں اور سکیورٹی فورسز کے درمیان انکاؤنٹر آج دوسرے دن بھی جاری ہے۔ آج صبح کے وقت چھپے ہوئے عسکریت پسندوں اور سکیورٹی کے درمیان ایک بار پھر گولیوں کا تبادلہ ہوا۔
ذرائع کے مطابق جمعرات کی صبح ہونے والی گولی باری میں مزید دو فوجی جوان زخمی ہو گئے۔ اس سے قبل بدھ کو اس انکاؤنٹر میں چار فوجی اہلکار بشمول دو افسر اور دو جوان ہلاک ہو گئے۔ وہیں ایک زخمی فوجی کی حالت نازک بنی ہوئی ہے۔پولیس ترجمان نے بتایا کہ جنگل میں موجود عسکریت پسند جوابی کارروائی کے دوران زخمی ہوئے اور انہیں مار گرانے کی خاطر محاصرہ وسیع کیا گیا ہے۔ فوج اور سی آر پی ایف کے سینئر افسران بھی فوری طور پر موقعے پر پہنچے۔ اطلاعات کے مطابق راجوری کے جنگلی علاقے کالاکوٹ باجی میں عسکریت پسندوں کے چھپے ہونے کی ایک خاص اطلاع موصول ہونے کے بعد سکیورٹی فورسز نے بدھ کی صبح علاقے کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کیا۔ جوں ہی سلامتی عملے کے اہلکار مشتبہ مقام پر پہنچے تو وہاں پر موجود عسکریت پسندوں نے اندھا دھند فائرنگ شروع کی چنانچہ سکیورٹی فورسز نے بھی پوزیشن سنبھال کر جوابی کارروائی کا آغاز کیا جس دوران شدید گولیوں کا تبادلہ شروع ہوا۔ذرائع نے بتایا کہ ملی ٹینٹوں کی ابتدائی فائرنگ میں 2 سینئر آفیسر اور پیرا رجمنٹ سے وابستہ تین اہلکار شدید طورپر زخمی ہوئے جنہیں فوری طورپر فوجی ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہاں پر تعینات ڈاکٹروں نے دو فوجی کیپٹن سمیت چار جوانوں کو مردہ قرار دیا جب کہ اور ایک اہلکار کی حالت بھی نازک بنی ہوئی ہے۔
تصام میں ہلاک ہونے والے دو فوجی کیپٹن کی شناخت 63 راشٹریہ رائفلز کے کیپٹن ایم وی پرانجل اور فوج کی 9 پیرا اسپیشل فورسز کے کیپٹن شبھم گپتا کے طور پر کی گئی ہے۔ کیپٹن ایم وی پرانجل کا تعلق کرناٹک کے منگلور سے تھا جب کہ کیپٹن شبھم گپتا کا تعلق اترپردیش کے آگرہ سے تھا۔ شبھم کی ہلاکت کی خبر جب ان کے گھر پہنچی تو افراتفری مچ گئی۔ خاندان کے لوگ اپنے بیٹے شبھم گپتا کی میت کے گھر آنے کا انتظار کر رہے ہیں۔ کیپٹن شبھم گپتا کے والد بسنت گپتا آگرہ کی ڈسٹرکٹ کورٹ میں ڈسٹرکٹ گورنمنٹ کونسلر ہیں۔ شبھم کے گھر والے اس سال ان کی شادی کی تیاریاں کر رہے تھے۔ اسی دوران شبھم کی ہلاکت کی خبر آئی۔ جیسے ہی شبھم کی موت کی خبر فوج کی طرف سے شبھم کے اہل خانہ کو ملی، گھر میں کہرام مچ گیا۔ شبھم کی ماں بے ہوش ہو گئیں۔ آگرہ سے بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ اور مرکزی وزراء ایس پی سنگھ بگھیل اور راجکمار چاہر نے شہید شبھم گپتا کے اہل خانہ سے ملاقات کی۔
غورطلب ہے کہ فوج کے وائٹس نائٹ کارپس نے بدھ کی شام کو ایکس پر جانکاری فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ راجوری کے کالاکوٹ جنگلی علاقے میں موجود ملی ٹینٹ فوج کی جوابی کارروائی میں زخمی ہوئے ہیں اور انہیں مار گرانے کی خاطر محاصرے کا دائرہ وسیع کیا گیا۔









