(سرینگر) خراب موسمی حالات کے پیش نظر سرینگر ہوائی اڈے پر بدھ کو بھی صبح کی تمام پروازوں کو منسوخ کیا گیا ہے۔ادھر حکام نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ سرینگر- جموں قومی شاہراہ پر سفر کرنے سے احتیاط کریں۔ ائیر پورٹ حکام نے کہا ہے کہ سرینگر ہوائی اڈے پر فی الوقت صبح کی 8 پروازیں منسوخ کی گئی ہیں جبکہ دو پروازوں کو موخر کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ روشنی میں بہتری واقع ہوتے ہی فضائی ٹرانسپورٹ کو بحال کیا جائے گا۔دریں اثنا برف باری کے پیش نظر حکام نے لوگوں سے سرینگر- جموں قومی شاہراہ پر سفر اختیار کرنے سے احتیاط کرنے کی اپیل کی ہے۔ضلع مجسٹریٹ رام بن نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ قومی شاہراہ اور دیگر رابطہ سڑکوں پر چلنے پھرنے سے پرہیز کریں۔ خیال ر ہے کہ وادی کشمیر میں منگل کی شام سے ہی رک رک کر برف باری کا سلسلہ جاری ہے جس سے بالائی علاقوں میں جہاں بجلی کا نظام درہم وبرہم ہوگیا ہے وہیں کئی رابطہ سڑکیں بھی بند ہوگئی ہیں۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ وادی میں آٹھ جنوری تک موسم کی صورتحال جوں کی توں رہ سکتی ہے۔










