امت نیوز ڈیسک //
جموں و کشمیر انتظامیہ نے منگل کو جموں ڈویژن کے سمر زون میں سرکاری اور تسلیم شدہ نجی اسکولوں کے لیے یکم جون سے 46 دن کی گرمیوں کی تعطیلات کا اعلان کیا ہے۔
یہ فیصلہ خطے میں شدید ہیٹ ویو کے حالات کو دیکھتے ہوئے لیا گیا ہے، کیونکہ کئی مقامات پر درجہ حرارت 43 ڈگری سیلسیس سے تجاوز کر گیا ہے۔
سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر کی جانب سے جاری کردہ حکم نامے کے مطابق ان سکولوں میں یکم جون سے 16 جولائی تک موسم گرما کی تعطیلات ہوں گی۔
حکمنامہ میں کہا گیا ہے کہ "یہ حکم دیا جاتا ہے کہ جموں ڈویژن کے سمر زون میں آنے والے تمام سرکاری اور تسلیم شدہ نجی اسکول یکم جون 2024 سے 16 جولائی 2024 تک موسم گرما کی تعطیلات منائیں گے۔”
اس میں مزید کہا گیا ہے کہ تعطیلات کے دوران طلباء کی آن لائن رہنمائی کے لیے تمام اساتذہ کو دستیاب ہونا چاہیے۔
حکمنامہ میں مزید کہا گیا ہے کہ "مذکورہ شیڈول پر عمل کرنے میں اسکول کے سربراہ یا تدریسی عملے کی طرف سے کوئی بھی غلطی قواعد کے تحت کارروائی کو راغب کرے گی۔” ماضی میں جموں میں گرمیوں کی چھٹیاں 8 جون سے شروع ہوتی تھیں۔










