(سرینگر) انتظامیہ نے آج مسلسل 27ویں جمعہ بھی جامع مسجد سرینگر میں نماز ادا کرنے کی اجازت نہیں دی۔ انجمن اوقاف جامع مسجد نے ایک بیان میں کہا کہ آج مسلسل 27 واں جمعة المبارک بھی حکام نے جامع مسجد میں لوگوں کو نماز جمعہ کی ادائیگی کی اجازت نہیں دی جو مذہبی حقوق میں سراسر مداخلت اور حق و انصاف کی بیخ کنی کے مترادف ہے اور اس سے مسلمانوں کے جذبات بری طرح مجروح ہو رہے ہیں۔ انجمن اوقاف جامع مسجد سرینگر نے اس بات پر شدید رنج و غم کا اظہار کیا ہے کہ اسلامی دعوت و تبلیغ کا سر چشمہ تاریخی اور مرکزی جامع مسجد سرینگر کا منبر و محراب بدستور آج بھی خاموش رکھا گیا جبکہ آج میر واعظ مولوی فاروق کی نظر بندی کے ڈھائی سال مکمل ہو رہے ہیں۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ حکام کا یہ آمرانہ رویہ وادی کے لوگوں کے لئے انتہائی تکلیف دہ اور بے چینی کا باعث ہے۔











