امت نیوز ڈیسک //
پنجی: شمالی گوا کے شرگاؤں میں سری لائرائی دیوی مندر میں منعقد ‘جاترا’ کے دوران بھگدڑ میں کم از کم 7افراد ہلاک ہوگئے۔ اس کے ساتھ ہی تقریباً 30 دیگر زخمی بھی ہوگئے۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور امدادی کام شروع کر دیا۔ پولیس افسر نے بتایا کہ حادثہ ہفتہ کی صبح پیش آیا۔
پولیس نے شدید زخمیوں کو گوا میڈیکل کالج اور ماپوسا کے نارتھ گوا ڈسٹرکٹ ہسپتال میں داخل کرایا۔ معلومات دیتے ہوئے پولیس نے بتایا کہ گوا، مہاراشٹرا اور کرناٹک سے ہزاروں عقیدت مند اس تہوار کے لیے مندر میں جمع ہوئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ بھگدڑ کی اصل وجہ تحقیقات کے بعد معلوم ہوگی۔ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب عقیدت مندوں کی بڑی بھیڑ جمع ہوگئی اور بھگدڑ مچ گئی۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی وزیراعلی پرمود ساونت سینئر افسران کے ساتھ موقع پر پہنچے اور صورتحال کا جائزہ لیا۔ وہ ہسپتال بھی گئے اور زخمیوں کا حال بھی دریافت کیا۔ دریں اثنا،ریاستی وزیر صحت وشواجیت رانے نے کہا کہ کم از کم 30 افراد زخمی ہوئے،جن میں سے آٹھ کی حالت تشویشناک ہے اور دو کو گوا میڈیکل کالج اور ہسپتال بامبولیم ریفر کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دو خواتین سمیت چار لوگوں کو مردہ حالت میں شمالی گوا کے ضلع اسپتال میں لایا گیا ہے۔
وزیر صحت نے مزید بتایا کہ آٹھ زخمیوں کو ضلع اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے، جب کہ 10 کو معمولی چوٹیں آئی ہیں۔رانے نے کہا کہ محکمہ صحت نے صورتحال سے نمٹنے کے لیے فوری اور جامع اقدامات کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اطلاع ملتے ہی 108 ایمبولینس سروس سے رابطہ کیا گیا اور موقع پر جانے کی ہدایت کی گئی۔









