امت نیوز ڈیسک //
سرینگر، 5 اگست : جموں و کشمیر انتظامیہ نے منگل کو سول انتظامیہ میں بڑی سطح پر تبادلے عمل میں لاتے ہوئے 14 سینئر افسران کا تبادلہ کیا۔
حکومتی حکم نامے کے مطابق، جس کی کاپی نیوز ایجنسی کشمیر نیوز آبزرور (کے پاس موجود ہے، نوین ایس ایل ، جو اس وقت محکمہ ٹرانسپورٹ کے سیکرٹری کے عہدے پر فائز تھے، کو محکمہ سول ایوی ایشن کا سیکرٹری مقرر کیا گیا ہے۔ انہیں کمشنر سول ایوی ایشن کا اضافی چارج بھی دیا گیا ہے، جس سے ڈاکٹر شاہد اقبال چودھری کو فارغ کیا گیا ہے۔
اونوی لوواسا، جو کسی تعیناتی کی منتظر تھیں، کو محکمہ ٹرانسپورٹ کا نیا سیکرٹری تعینات کیا گیا ہے۔ انشل گرگ، جو اس سے قبل شری ماتا ویشنو دیوی شرائن بورڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر تھے، کو ڈویژنل کمشنر کشمیر مقرر کیا گیا ہے۔
وکاس کندل، جو ڈپٹی کمشنر پونچھ کے عہدے پر فائز تھے، کو جموں و کشمیر سروسز سلیکشن بورڈ کا چیئرمین مقرر کیا گیا ہے، جبکہ گرپال سنگھ، ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر جموں، کو جموں پاور ڈسٹریبیوشن کارپوریشن لمیٹڈ کا منیجنگ ڈائریکٹر بنایا گیا ہے۔
سچن کمار ویشیہ، ڈپٹی کمشنر جموں، کو شری ماتا ویشنو دیوی شرائن بورڈ کا نیا چیف ایگزیکٹو آفیسر مقرر کیا گیا ہے۔
انیل بانکا، جو تعیناتی کے منتظر تھے، کو محکمہ خزانہ میں اسپیشل سیکرٹری مقرر کیا گیا ہے۔
شری کانت بالا صاحب سوسے، جو اس وقت جموں پاور ڈسٹریبیوشن کارپوریشن لمیٹڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر تھے، کو ڈپٹی کمشنر کپواڑہ کے طور پر تعینات کیا گیا ہے۔
ڈاکٹر راکیش مینہاس، ڈپٹی کمشنر کٹھوعہ، اب ڈپٹی کمشنر جموں کے طور پر خدمات انجام دیں گے۔
آیوشی سودان، ڈپٹی کمشنر کپواڑہ، کو ڈپٹی کمشنر سانبہ تعینات کیا گیا ہے۔
جے کے اے ایس افسران میں، منظور احمد قادری، ڈپٹی کمشنر بانڈی پورہ، کا تبادلہ کر دیا گیا ہے اور وہ آئندہ احکامات کے منتظر رہیں گے۔ اندو کنول، جو اس وقت جے کے سروسز سلیکشن بورڈ کی چیئرپرسن تھیں، کو ڈپٹی کمشنر بانڈی پورہ مقرر کیا گیا ہے۔
اشوک کمار شرما، جے کے اے ایس، جو اس وقت محکمہ محنت و روزگار میں اسپیشل سیکرٹری کے طور پر تعینات تھے، کو ڈپٹی کمشنر پونچھ بنایا گیا ہے۔
راجیش شرما، جے کے اے ایس، جو اس وقت ڈپٹی کمشنر سانبہ تھے، کو ڈپٹی کمشنر کٹھوعہ مقرر کیا گیا ہے۔
یہ احکامات جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری کیے گئے اور فوراً نافذ العمل ہوں گے—(کے این او)۔










