امت نیوز ڈیسک //
بارہمولہ: نیشنل کانفرنس کے صدر فاروق عبداللہ نے بدھ کے روز کہا کہ جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا ڈوڈہ کی صورتحال کے ذمہ دار ہوں گے، جہاں پی ایس اے کے تحت ایم ایل اے مہراج ملک کی گرفتاری کے بعد حالات کشیدہ ہیں۔
فاروق عبداللہ نے بارہمولہ ضلع میں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہا:
"قانون و انتظامیہ کا نظام ایل جی کے کنٹرول میں ہے، اس لیے ڈوڈہ میں جو کچھ بھی ہو رہا ہے، اس کی ذمہ داری انہی پر عائد ہوگی۔”
سابق وزیر اعلیٰ سے پوچھا گیا کہ کیا ڈوڈہ کے ایم ایل اے کی گرفتاری پر جموں و کشمیر اسمبلی کا خصوصی اجلاس بلایا جانا چاہیے، تو انہوں نے جواب دیا کہ یہ فیصلہ اسپیکر کا ہے۔
یاد رہے کہ پیر کے روز مہراج ملک، جو عام آدمی پارٹی (اے اے پی) کے جموں و کشمیر کے صدر بھی ہیں، کو پی ایس اے کے تحت گرفتار کر کے کٹھوعہ جیل بھیج دیا گیا۔ وہ مرکز کے زیر انتظام خطے کے پہلے رکنِ اسمبلی ہیں جن پر یہ سخت قانون لاگو کیا گیا ہے۔
ڈوڈہ سمیت چناب ریجن کے کئی حصوں میں مہراج ملک کی حمایت میں احتجاجی مظاہرے پھوٹ پڑے ہیں۔










