امت نیوز ڈیسک///
جموں : بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی امیدوار دیویانی رانا نے صوبہ جموں کی نگروٹہ اسمبلی نشست پر ضمنی انتخاب میں واضح کامیابی حاصل کر لی ہے۔ انہوں نے نیشنل پینتھرس پارٹی کے امیدوار ہرش دیو سنگھ کو 24 ہزار 526 ووٹوں کے بڑے فرق سے شکست دی، وہیں اس نشست پر حکمران جماعت نیشنل کانفرنس (این سی) امیدوار شمیم بیگم کو صرف 10834 ووٹ حاصل ہوئے، بیگم 31ہزار سے بھی زائد ووٹوں سے اس نشست پر پیچھے رہی۔
دیویانی رانا کو 42 ہزار 214 ووٹ حاصل ہوئے۔ جبکہ ہرش دیو سنگھ 17 ہزار 688 ووٹ حاصل کر سکے اور نیشنل کانفرنس کی امیدوار شمیم بیگم نے 10 ہزار 846 ووٹ حاصل کیے وہیں اس نشست پر دیگر سات امیدواروں میں سے کوئی بھی ایک ہزار ووٹ کا ہندسہ پار نہیں کر سکا۔
نگروٹہ نشست گزشتہ برس 31 اکتوبر کو دیویانی رانا ان کے والد دیویندر سنگھ رانا کی وفات کے بعد خالی ہوئی تھی۔ تیس برس کی دیویانی رانا اپنے والد کے مشورے پر سیاسی میدان میں کود پڑی اور ابتدا ہی سے حلقے میں متحرک رہی۔
جموں کشمیر میں گزشتہ برس اسمبلی انتخابات منعقد ہوئے تھے۔ اس الیکشن میں بی جے پی امیدوار دیویندر سنگھ رانا نے واضح برتری سے جیت درج کی تھی تاہم ان کی وفات کے بعد سے یہ نشست خالی تھی۔ وہیں وسطی کشمیر کی بڈگام نشست بھی عمر عبداللہ کی جانب سے استعفیٰ کے بعد سے خالی تھی۔ ان دونوں نشستوں پر ضمنی انتخاب کا اعلان ہوتے ہی ہی بی جے پی نے دیویانی رانا کو ٹکٹ دی۔









