امت نیوز ڈیسک //
سرینگر : جموں کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کا کہنا ہے کہ وادی کشمیر میں سیاحوں کی آمد بڑھانے اور سیاحتی شعبے کو تقویت و دوام بخشنے کے لیے اس سیزن بھی برفباری سب سے اہم کردار ادا کرے گی، جبکہ رواں برس سیاحتی شعبے کے لیے کافی مشکل ثابت ہوا ہے۔ ان باتوں کا اظہار وزیر اعلیٰ نے ہفتے کو سرینگر میں میڈیا نمائندوں کے ساتھ ایک بات چیت کے دوران کیا۔
انہوں نے کہا کہ ’’کہیں بھی بزنس ٹو بزنس سرگامیاں ہوتی ہیں وہاں شعبہ سیاحت کو فائدہ پہنچتا ہے، مگر تشہیر اور مارکیٹنگ سیاحت کی ترقی میں سب سے اہم کردار ادا کرتا ہے۔‘‘
وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ 2025 کا سال جموں وکشمیر کے سیاحتی شعبہ کے لیے نیک شگون نہیں رہا۔ چاہے پہلگام کا واقعہ ہو، دلی دھماکہ ہو یا نوگام سانحہ، ان تمام واقعات نے رواں برس کشمیر کی سیاحتی صنعت کو بری طرح متاثر کیا ہے۔ انہوں نے کہا: ’’نومبر کا مہینہ بھی خشک ہی گزر گیا، ہم سب اب دسمبر میں اچھی برف باری کی آس لگائے بیٹھے ہیں۔‘‘
عمر عبداللہ کے مطابق ’’سیاح اب بھی پہلگام سمیت وادی کے مختلف سیاحتی مقامات کا رخ کر رہے ہیں، تاہم تازہ برفباری سے سرمائی سیزن (ونٹر ٹورزم) کے امکانات میں نمایاں بہتری آئے گی۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ’’سرمائی سیزن میں سیاحت کو بڑھاوا دینے کے لیے برف باری کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔‘‘ وزیر اعلیٰ کو امید ہے کہ جاری سال کے آخر اور کرسمس کے موقع پر حالات بہتر دیکھنے کو ملیں گے۔











