امت نیوز ڈیسک //
جموں: ریزرویشن کے اہم مسئلے کو مدنظر رکھتے ہوئے، چیف منسٹر عمر عبداللہ نے 3 دسمبر کو کابینہ کی میٹنگ طلب کر لی ہے۔ اطلاعات کے مطابق اوپن میرٹ امیدواروں کے لیے سرکاری نوکریوں اور تعلیمی اداروں میں موجودہ 30 فیصد نشستوں میں اضافہ کر کے 40 فیصد تک کیا جا سکتا ہے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق میٹنگ 3 دسمبر کی صبح 9 بجے سیول سیکریٹریٹ جموں میں منعقد ہوگی۔ یہ سول سیکریٹریٹ کے جموں منتقل ہونے کے بعد پہلی باضابطہ کابینہ میٹنگ ہوگی، ایک روایت جو چار سال بعد عمر عبداللہ حکومت نے بحال کی ہے۔
چونکہ کابینہ اجلاس ڈیڑھ ماہ بعد ہو رہا ہے، متعدد محکموں نے اپنے ایجنڈے جمع کرائے ہیں، تاہم ریزرویشن کا مسئلہ مرکزی حیثیت رکھتا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اوپن میرٹ کو 40 فیصد تک بڑھانے کے لیے حکومت کو ریزرویشن رولز میں ترمیم کرنا ہوگی، جس کے تحت رہائشیان پسماندہ علاقہ (RBA) اور معاشی طور پر کمزور طبقہ (EWS) کے کوٹے میں کمی کی جا سکتی ہے۔
EWS کے لیے زیادہ سے زیادہ 10 فیصد ریزرویشن کی گنجائش ہے، جبکہ RBA کو ایک وقت میں 20 فیصد ریزرویشن حاصل تھی، جو بدعنوانی اور اثرورسوخ کے استعمال کی شکایات کے بعد کم کر کے 10 فیصد کر دی گئی۔
ذرائع کے مطابق، حکومت کو مختلف زمروں سے 10 فیصد کمی کرنا ہوگی، لیکن SC، ST، OBC جیسے زمروں کا کوٹا کم نہیں کیا جا سکتا کیونکہ یہ پارلیمنٹ سے منظور شدہ ہیں۔
فی الحال جموں و کشمیر میں مجموعی ریزرویشن 70 فیصد تک پہنچ چکا ہے، جس میں 20 فیصد شیڈولڈ ٹرائبز (گوجر–بکروال اور پہاڑی طبقہ)، 10 فیصد RBA، 10 فیصد EWS، 8 فیصد OBC، 8 فیصد SC، 4 فیصد ALC/IB شامل ہیں۔ اس کے علاوہ 10 فیصد افقی ریزرویشن سابق فوجیوں اور معذور افراد کے لیے مختص ہے۔
مزید برآں، ریزرویشن والے بعض امیدوار اگر میرٹ پر منتخب ہو جائیں تو وہ اوپن کیٹیگری میں جگہ لے سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ جنرل کیٹیگری نوجوانوں کے احتجاج کے بعد عمر حکومت نے 10 دسمبر 2024 کو کمیٹی آن سوشل کاسٹ (CSC) آن ریزرویشن تشکیل دی تھی، جس نے 10 جون 2025 کو اپنی رپورٹ مکمل کر کے کابینہ کو پیش کی، جسے بعد ازاں قانون محکمہ کو رائے کے لیے بھیجا گیا۔
کمیٹی میں سکینہ ایتو، جاوید رانا اور ستیش شرما شامل تھے۔







