امت نیوز ڈیسک //
نئی دہلی/سری نگر: سی بی آئی نے پیر کو ایک "مفرور” کو گرفتار کیا جس پر 1989 کے سنسنی خیز اغوا کیس کے سلسلے میں 10 لاکھ روپے کا انعام تھا۔ جس کو اغوا کیا گیا تھا وہ اس وقت کے مرکزی وزیر داخلہ مفتی محمد سعید کی بیٹی تھی۔ گرفتار ملزم پر مبینہ طور پر دہشت گرد گروپ جے کے ایل ایف کے اراکین کی طرف سے رچی گئی سازش کا حصہ ہونے کا الزام ہے۔
گرفتار شخص کی شناخت شفاعت احمد شانگلو کے نام سے کی گئی ہے جو مبینہ طور پر جموں کشمیر لبریشن فرنٹ (جے کے ایل ایف) کے سربراہ یاسین ملک کا قریبی ساتھی بتایا جا رہا ہے۔
ایجنسی نے ایک بیان میں کہا کہ مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) نے ایک "مفرور” شفاعت احمد شانگلو کو گرفتار کیا ہے، جو روبیہ سعید کے اغوا سے متعلق 35 سال پرانے کیس میں مطلوب ہے۔
سی بی آئی کے مطابق، "مذکورہ ملزم شانگلو نے سال 1989 کے دوران یاسین ملک اور دیگر کے ساتھ مل کر رنبیر پینل کوڈ اور ٹاڈا ایکٹ کی مختلف دفعات کے تحت جرم کرنے کی سازش کی۔
سی بی آئی کے ترجمان نے کہا، "مفرور کے سر پر 10 لاکھ روپے کا انعام ہے۔ اسے قانون کے مطابق مقررہ وقت کے اندر ٹاڈا کورٹ جموں کے سامنے پیش کیا جائے گا۔”
حکام کے مطابق شانگلو مبینہ طور پر کالعدم دہشت گرد گروپ کا رکن تھا اور تنظیم کی مالی اعانت کرتا تھا۔
عہدیداروں نے بتایا کہ سی بی آئی نے جموں و کشمیر پولیس کے ساتھ مل کر شانگلو کو سرینگر کے نشاط علاقے میں واقع اس کی رہائش گاہ سے قانونی کارروائی کے بعد گرفتار کیا۔
اس کیس میں یاسین ملک کی شناخت روبیہ سعید سمیت عینی شاہدین نے کی ہے۔
جے کے ایل ایف کے سربراہ یاسین ملک دہشت گردی کی مالی معاونت کے معاملے میں دہلی کی تہاڑ جیل میں قید کی سزا کاٹ رہے ہیں، ان کی نقل و حرکت پر پابندی کے وزارت داخلہ کے حکم کی وجہ سے انھیں ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ عدالت میں پیش کیا جاتا ہے۔
عدالتی سماعتوں کے دوران، روبیہ سعید نے یاسین ملک کے علاوہ چار دیگر ملزمان کو گھناؤنے جرم میں ملوث ہونے کی نشاندہی کی تھی۔
روبیہ سعید کو 8 دسمبر 1989 کو سری نگر کے لل دید اسپتال کے قریب سے اغوا کیا گیا تھا۔ اغوا کے پانچ دن بعد اس وقت کی بی جے پی کی حمایت یافتہ وی پی سنگھ حکومت نے پانچ دہشت گردوں کی رہائی کے بدلے روبیہ سعید کو آزاد کرایا تھا۔
روبیہ سعید اب تمل ناڈو میں رہائش پذیر ہیں، سعید کو سی بی آئی نے استغاثہ کے گواہ کے طور پر درج کیا ہے۔ 1990 میں کیس سی بی آئی کے سپرد کیا گیا تھا۔
56 سالہ یاسین ملک کو گزشتہ سال مئی میں قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) کی خصوصی عدالت نے سزا سنائی تھی۔ انہیں 2019 کے اوائل میں این آئی اے کے ذریعہ 2017 کے دہشت گردی کی مالی معاونت کے مقدمہ کے سلسلے میں گرفتار کیا گیا تھا۔
مقدمے کی سماعت میں تیزی لانے کے لیے، سی بی آئی نے اپنی سینئر وکیل مونیکا کوہلی کو چیف پراسیکیوٹر کے طور پر مقرر کیا تھا جس نے ملک کے خلاف تین دہائیوں سے بھی زیادہ عرصہ قبل سری نگر میں سعید کے اغوا اور چار آئی اے ایف اہلکاروں کے قتل سے متعلق مقدمات میں الزامات عائد کیے تھے۔
ایک خصوصی ٹاڈا عدالت پہلے ہی روبیہ سعید کے اغوا کیس میں یاسین ملک اور نو دیگر کے خلاف الزامات طے کر چکی ہے۔








