بیٹیاں خدائے بزرگ و برتر کی وہ نازک امانت ہیں جن کے وجود سے گھر منور ہوتا ہے اور دل دعا بن جاتا ہے۔ وہ زندگی کی سب سے نرم تحریر ہیں، جن کے لفظ احساس سے اور معنی قربانی سے لکھے جاتے ہیں۔ بیٹیاں خوشبو کی طرح ہوتی ہیں— دکھائی نہیں دیتیں، مگر ان کی موجودگی سے زندگی مہک اٹھتی ہے۔
جب بات ان کے نصیب کی آتی ہے تو خدارا صرف ہم سفر نہ ڈھونڈیے، کیونکہ ہم سفر تو ہر موڑ پر مل جاتا ہے، مگر ہم خیال وہ نایاب خزانہ ہے جو دل کے سکون کی ضمانت بنتا ہے۔ بیٹی کے لیے وہ شخص ضروری نہیں جو اس کے ساتھ چلے، بلکہ وہ جو اس کے احساس کے ساتھ چلے۔ زندگی کے سفر میں فاصلہ نہیں، فکر کا میل اہم ہوتا ہے۔
اکثر والدین اپنی بیٹی کے لیے مالدار، خوش شکل یا معزز رشتہ تلاش کرتے ہیں، مگر بھول جاتے ہیں کہ دولت آنکھوں کو بھا سکتی ہے، لیکن دل کو صرف ہم خیالی بھاتی ہے۔ وہی شخص بیٹی کے لیے قیمتی ہے جو اس کے خوابوں کو جگہ دے، اس کے احساسات کو سمجھے، اور اس کے وجود کو تسلیم کرے— یہی دراصل اس کا حقیقی ہم سفر ہوتا ہے۔
بیٹی کو وہ گھر نہیں چاہیے جہاں وہ صرف بیوی بنے، بلکہ وہ جہاں وہ خود بن سکے۔ جہاں اس کی رائے سنی جائے، اس کے جذبات کی قدر ہو، اور احترام کے پھول اس کے دل کی زمین پر کھلیں۔ اگر وہ سمجھنے والا ساتھی پائے تو تنگدستی میں بھی آسودگی محسوس کرتی ہے، مگر اگر سوچ کا فرق ہو تو محلوں میں بھی تنہائی بسیرا کر لیتی ہے۔
ہم خیال شوہر وہ ہے جو بیوی کو مکمل انسان سمجھے، نہ کہ محض ذمہ داری۔ جو اس کی خاموشی کو صبر، اور مسکراہٹ کے پیچھے کی تھکن کو محسوس کرے۔ جو اس کی آنکھوں میں خواب نہیں، احساس تلاش کرے۔ ایسا مرد بیوی کے جسم کا نہیں بلکہ روح کا ساتھی ہوتا ہے۔
دنیا کی سب سے بڑی دولت بیٹی کے لیے سونا یا جائیداد نہیں، بلکہ وہ شخص ہے جو اس کے احساسات کا احترام کرے اور جس کے ساتھ وہ اپنی اصل شخصیت کے ساتھ جی سکے۔ کیونکہ ہم خیال انسان کے ساتھ زندگی صرف گزرتی نہیں، بلکہ خوبصورت بن جاتی ہے۔
اے والدین! جب اپنی بیٹیوں کے نصیب کی بات کرو تو صرف رشتہ مت ڈھونڈو، دعا کرو کہ اسے ایسا ہم خیال ملے جو اس کے دل کو تسکین دے، اس کی خاموشی کو سمجھے، اور اس کے خوابوں کے رنگ بکھیر دے۔ کیونکہ بیٹی اں سونے کے ہار سے نہیں، بلکہ سمجھنے والے دل سے سنوری جاتی ہیں۔ یاد رکھو— ایک ہم سفر کے ساتھ بیٹی جی لیتی ہے، مگر ایک ہم خیال کے ساتھ زندہ رہتی ہے۔









