امت نیوز ڈیسک //
سری نگر، 5 جنوری : ضلع مجسٹریٹ سری نگر نے ضلع کی حدود میں تمام ورچوئل پرائیویٹ نیٹ ورک سروسز کو فوری طور پر دو ماہ کے لیے معطل کرنے کا حکم جاری کیا ہے۔ یہ حکم بھارتیہ ناگرک سرکششا سنہیتا کی دفعہ 163 کے تحت اختیارات استعمال کرتے ہوئے دیا گیا ہے۔
حکم نامے کے مطابق سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس سری نگر نے رپورٹ پیش کی تھی جس میں اس خدشے کا اظہار کیا گیا کہ بعض مفاد پرست عناصر وی پی این سروسز کا غلط استعمال کر سکتے ہیں، جس سے ضلع میں امن و امان اور سائبر سکیورٹی کو سنگین خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔
انتظامیہ کے مطابق وی پی این سروسز انکرپٹڈ ڈیٹا کی ترسیل اور پوائنٹ ٹو پوائنٹ ٹنلز کے ذریعے صارفین کو آئی پی ایڈریس چھپانے اور ویب سائٹس یا فائر والز کی پابندیوں کو بائی پاس کرنے کی سہولت دیتی ہیں۔ ایسے فیچرز کو غیر قانونی اور ملک مخالف سرگرمیوں کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے، جن میں بدامنی پھیلانا، اشتعال انگیز مواد کی ترسیل اور امن و قانون کے خلاف سرگرمیوں کی ہم آہنگی شامل ہے۔
ضلع مجسٹریٹ نے کہا کہ وی پی این کا بلا روک ٹوک استعمال عوامی سلامتی، سائبر سکیورٹی اور حساس ڈیٹا کے تحفظ کے لیے سنگین خطرہ بن سکتا ہے، اس لیے عوامی مفاد میں فوری احتیاطی اقدامات ناگزیر ہیں۔
تاہم حکم نامے میں واضح کیا گیا ہے کہ یہ پابندی نیشنل انفارمیٹکس سینٹر (NIC) کے ذریعے کام کرنے والے سرکاری محکموں کے مجاز وی پی این استعمال پر لاگو نہیں ہوگی۔
چونکہ تمام متعلقہ افراد کو انفرادی نوٹس جاری کرنا عملی طور پر ممکن نہیں تھا، اس لیے یہ حکم یکطرفہ (Ex Parte) طور پر جاری کیا گیا ہے۔ انتظامیہ نے ہدایت دی ہے کہ حکم نامے کو ضلع کی ویب سائٹ، معروف اخبارات اور ضلع مجسٹریٹ، ایس ایس پی سری نگر، سب ڈویژنل مجسٹریٹس سری نگر ایسٹ و ویسٹ اور تمام تحصیلداروں کے دفاتر کے نوٹس بورڈز پر آویزاں کر کے عام کیا جائے۔
سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس سری نگر کو ہدایت دی گئی ہے کہ اس حکم پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے۔
(کے این ٹی)










