ممبئی: ممبئی پولیس نے بھارتیہ جنتا پارٹی کی معطل ترجمان ملعون نوپور شرما کو پیغمبر اسلام کے خلاف قابل اعتراض ریمارکس کے سلسلے میں 25 جون کو اپنا بیان ریکارڈ کرانے کے لیے طلب کیا ہے۔ ایک اہلکار نے ہفتہ کو یہاں یہ جانکاری دی۔ شرما کے خلاف اس ہفتے کے شروع میں شہر کے پائدھونی پولیس اسٹیشن میں ایک ٹی وی بحث کے دوران پیغمبر اسلام کے بارے میں ان کے تبصرے کے بعد ایف آئی آر درج کی گئی تھی۔ ٹی وی پر بحث کے دوران ان کے ریمارکس کی وجہ سے بڑا تنازع کھڑا ہو گیا تھا۔
افسر نے کہا کہ پولیس اس کیس میں ان کا بیان ریکارڈ کرنا چاہتی ہے۔ انہیں 25 جون کو صبح 11 بجے تفتیشی افسر کے سامنے پیش ہونے کو کہا گیا ہے۔ اس سے قبل پولیس نے متعلقہ نیوز چینل سے مذکورہ بحث کی ویڈیو طلب کی تھی۔ بی جے پی نے نوپور شرما کو معطل کر دیا، جب کہ ایک اور رہنما نوین جندال کو اسی طرح کے تبصرے کرنے پر پارٹی سے نکال دیا ہے۔










