(سرینگر) وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے کہا ہے کہ ہندوستان ایک امن پسند ملک ہے اور وہ کسی کے ساتھ محاذ آرائی نہیں کرتا لیکن وہ کسی بھی چیلنج سے نمٹنے کی پوری صلاحیت رکھتا ہے۔ راج ناتھ نے کہا کہ ہم اپنے پڑوسی ممالک کےساتھ بہتر تعلقات کے خواہاں ہے تاہم پڑوسی ممالک کو بھی چاہئے کہ ہمارے اس جذبے کی قدر کریں اور ہمارے خلاف پردپردہ سازشوں کو ترک کریں۔ انہوںنے کہاکہ بھارت نے دکھایا ہے کہ کسی بھی ملک نے اگر جارحیت سے کام لیا تو ہم خاموش بیٹھنے والوں میں سے نہیں ہے ۔ چنڈی گڑھ میں ڈفینس ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن (ڈی آر ڈی او) کی لیبارٹری ٹی بی آر ایل کا دورہ کرنے کے بعد سائنس دانوں سے خطاب کرتے ہوئے وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے کہاکہ”ہندوستان ہمیشہ سے ایک امن پسند ملک رہا ہے اور یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم اپنی طرف سے کسی بھی قسم کا تنازعہ نہ شروع کریں لیکن ساتھ ہی یہ بھی اتنا ہی سچ ہے کہ ضرورت پڑنے پر ہمارا ملک کسی بھی چیلنج سے نمٹنے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔” سابق صدر معروف سائنس داں ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام کو یاد کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ “عبدالکلام جی کہا کرتے تھے، اس دنیا میں خوف کی کوئی جگہ نہیں ہے۔ صرف ایک طاقت دوسری طاقت کا احترام کرتی ہے۔ کلام صاحب ڈی آر ڈی او کے بڑے سائنس دان تھے اور میں سمجھتا ہوں کہ ہمارا ملک پوری طرح سے ان کے نظریات پر چل رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بدلتے وقت، چیلنجز اور ممالک کے باہمی تعلقات میں تبدیلیوں کے پیش نظر سیکورٹی کے جہت بھی تبدیل ہوئے ہیں اور ایسی صورتحال میں ہمیں کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہنا ہوگا۔