(سرینگر) سرینگر کے بٹہ مالو علاقے میں نامعلوم عسکریت پسندوں نے مبینہ طور پر ایک مقامی پولیس اہکار پر گولیاں چلائیں جس کے سبب وہ ہلاک ہوگیا۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ہلاک پولیس اہلکار کی شناخت توصیف احمد وانی ولد مرحوم محمد عثمان وانی ساکنہ ایس ڈی کالونی بٹہ مالو کے طور پر ہوئی ہے۔ مذکورہ پولیس اہلکار سرینگر میں پولیس کنٹرول روم میں تعینات تھے۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ اہلکار کو عسکریت پسندوں نے قریب سے گولیاں ماریں۔ اس حملہ کے بعد پورے علاقے کو سیکورٹی فورسز نے محاصرے میں لے لیا ہے۔ واضح رہے کہ رواں ماہ یہ تشدد کا پہلا واقعہ ہے۔ گذشتہ ماہ کشمیر میں نامعلوم عسکریت پسندوں نے 10 غیر مسلم افراد کو ہلاک کیا تھا جس میں پانچ غیر مقامی مزدور شامل تھے۔ ان واقعات کے بعد سیکورٹی فورسز نے عسکریت پسندوں کے خلاف آپریشنز تیز کرتے ہوئے 17 عسکریت پسندوں کو ہلاک کرنے کا دعوی کیا تھا۔