(سرینگر) ضلع پلوامہ کے لیتہ پورہ علاقے میں پیر کی صبح سینٹر ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کے ایک اہلکار نے مبینہ طور پر اپنی ہی سروس رائفل سے اپنی زندگی تمام کر دی۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ لیتہ پورہ علاقے میں قائم ایک کیمپ میں سی آر پی ایف کی 185 بٹالین سے وابستہ ایک اہلکار نے اپنی ہی سروس رائفل سے اپنے آپ کو گولی مار دی جس کے نتیجے میں ان کی بر سر موقع ہی موت واقع ہوئی۔ متوفی اہلکار کی شناخت بوپندر سنگھ ساکن بھارت پور راجستھان کے بطور ہوئی ہے۔ اونتی پورہ پولیس نے معاملے کی نسبت کیس درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہے۔ واضح رہے گزشتہ ماہ مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے دورہ کشمیر کے دوران اسی گروپ سینٹر میں رات گزاری تھی اور فورسز جوانوں کو خطاب کیا تھا۔