(رانچی) رانچی کے ڈورانڈا تھانہ علاقے میں چار کشمیری نوجوانوں کے ساتھ مارپیٹ کا واقعہ پیش آیا۔ متاثرہ نوجوانوں نے ڈورانڈا پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرائی ہے۔ میڈیا خبروں کے مطابق ان کشمیری نوجوانوں پر "پاکستان مردہ باد” کے نعرے لگانے کے لیے دباؤ ڈالا گیا۔ اسی دوران ان سے مارپیٹ بھی کی گئی۔ ڈورانڈا تھانہ انچارج رمیش کمار سنگھ نے میڈیا نمائندوں کو بتایا کہ کشمیری نوجوانوں کی شکایت کے بعد ملزمین کی تلاش کی جارہی ہے اور جلد ہی ملزمین کو گرفتار کرلیا جائے گا۔ بلال احمد، صابر احمد، وسیم احمد اور ایک دیگر کشمیری نوجوان ہاتھی خانہ ڈورنڈہ علاقے میں مقیم ہیں۔ ان کشمیری نوجوانوں پر حملہ کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں دھمکی دی گئی کہ وہ جلد از جلد شہر چھوڑ دیں ورنہ نتیجہ اچھا نہیں ہوگا۔ بلال احمد نے میڈیا نمائندوں کو بتایا کہ وہ 20 سال سے ڈورانڈا کے علاقے میں کرائے کے مکان پر رہ رہے ہیں، سردیوں کے موسم میں کشمیر سے اونی کپڑے لا کر رانچی میں فروخت کرتے ہیں، لیکن پچھلے کچھ دنوں سے کچھ مقامی لوگ انہیں روز دھمکیاں دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مجھ پر بھی حملہ کیا گیا۔ کشمیری نوجوانوں نے بتایا کہ جمعرات کو بھی سونو نام کے ایک نوجوان نے اسلحہ کے ساتھ ان پر حملہ کیا۔ اس دوران انہیں پاکستان مردہ باد کے نعرے لگانے پر مجبور کیا گیا۔ پاکستان مردہ باد کے نعرے بھی لگائے، اس کے باجود ان کے ساتھ مار پیٹ کی گئی۔ تاہم کچھ مقامی لوگوں نے انہیں بچا لیا۔ حملہ کے واقعے کے بعد تھانے پہنچ کر ایف آئی آر درج کرائی ہے۔










