(سرینگر) ضلع کولگام کے چانسر علاقے میں جمعرات کے روز سیکورٹی فورسز اور عسکریت پسندوں کے مابین ہوئے تصادم میں 2 عسکریت پسند ہلاک ہوئے ہیں۔ سیکورٹی فورسز نے ان کے پاس سے بڑی تعداد میں اسلحہ و گولہ بارود بھی برآمد کرنے کا بھی دعویٰ کیا ہے۔ کولگام ایس ایس پی سندیپ چکرورتی کے مطابق مارے گئے دونوں عسکریت پسندوں کی شناخت شیراز مولوی جو کہ حزب المجاہدین کا کمانڈر تھا اور دوسرا یاور بٹ کے بطور ہوئی ہے۔ ایس ایس پی کے مطابق شیراز مولوی 2016 سے ہی کافی سرگرم تھا۔ ادھر انسپکٹر جنرل آف پولیس کشمیر رینج وجے کمار نے ٹویٹر پر جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ ‘’کولگام میں حفاظتی عملے کے ساتھ تصادم ہوا جس میں مہلوکین کی شناخت ضلع کمانڈر شیراز مولوی اور یاور بٹ کے بطور ہوئی ہے’‘۔ وجے کمار نے بتایا کہ مذکورہ عسکریت پسند حزب المجاہدین کے ساتھ وابستہ تھے اور وہ سیکورٹی فورسز پر حملوں، عام شہریوں کو تشدد کا نشانہ بنانے کی کارروائیوں اور دیگر تخریبی سرگرمیوں میں قانون نافذ کرنے والے ادارے کو انتہائی مطلوب تھے۔ آئی جی کشمیر کا مزید کہنا تھا کہ حزب کمانڈر شیراز مولوی سال 2016 سے سرگرم تھا اور اُس کی ہلاکت سیکورٹی ایجنسیوں کیلئے بہت بڑی کامیابی ہے۔
#KulgamEncounterUpdate: Killed #terrorists identified as District commander of HM Shiraz Molvi & Yawar Bhat. Shiraz was active since 2016 & was involved in #recruiting innocent youth into terror ranks & several civilian #killings. A big success for us: IGP Kashmir @JmuKmrPolice
— Kashmir Zone Police (@KashmirPolice) November 12, 2021
پولیس حکام نے بتایا کہ اندھیرا چھا جانے کے نتیجے میں آپریشن کو صبح تک موخر کیا گیا اور جمعہ علیٰ الصبح ہی فورسز اور وہاں پر موجود ملی ٹینٹ کے درمیان پھر سے گولیوں کا تبادلہ شروع ہوا اور کئی منٹوں تک جاری جھڑپ کے بعد تصادم کی جگہ حزب کمانڈر شیراز مولوی کی لاش برآمد کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ تصادم کی جگہ اسلحہ وگولہ بارود اور قابل اعتراض مواد برآمد کرکے ضبط کیا گیا۔ واضح رہے کہ یہ آپریشن گزشتہ روز جمعرات سے ہی جاری تھا، علاقے میں دو جنگجوﺅں کی موجودگی کی اطلاع ملنے کے بعد فوج، سی آر پی ایف اور جموں و کشمیر پولیس نے مشتر کہ طور پر علاقے کو محاصرے میں لیا اور تلاشی آپریشن شروع کر دیا ۔ ذرائع کے مطابق جونہی علاقے میں فوج و فورسز نے تلاشی آپریشن شروع کر دیا تو وہاں چھپے بیٹھے جنگجوﺅں نے فرار ہونے کی کوشش میں فورسز پر فائرنگ کی جس کے ساتھ ہی فورسز نے بھی مورچہ زن ہوکر جوابی کارروائی کی اور علاقے میں دو بدو جھڑپ شروع ہوئی۔ فائرنگ کے ساتھ ہی علاقے میں جنگجوﺅں کے فرار ہونے کے تمام راستے سیل کر دئے گئے جبکہ محاصرے میں پھنسے جنگجوﺅں کو خود سپردگی کرنے کیلئے کہا گیا تاہم انہوں نے پیشکش ٹھکرا دی تھی۔