(پلوامہ) جنوبی کشمیر میں ضلع پلوامہ کے اوکھو کاکا پورہ علاقے میں مقامی لوگوں نے سی آر پی ایف کو زمین منتقل کرنے کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔ لوگوں کا مطالبہ ہے کہ حکومت سی آر پی ایف کو یہ زمین نہیں دے سکتی ہے، حکومت کو اپنے اس فیصلے پر نظرثانی کرنے کی ضرورت ہے۔ لوگوں نے ’’انصاف دو، فیصلہ واپس لو‘‘ کے نعرے لگائے اور حکومت سے اس فیصلے کو واپس لینے کا پرزور مطالبہ کیا۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ ان زمینوں سے ان کے روزگار کے وسائل جڑے ہوئے ہیں، اگر حکومت ان زمینوں کو سی آر پی ایف کو منتقل کردیگی تو ہم بے روزگار ہوجائیں گے۔ اس لیے حکومت اپنا یہ فیصلہ واپس لے۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ ”اس سے قبل انتظامیہ نے علاقے میں تقریباً 100 کنال اراضی کی نشاندہی کی تھی۔ اس زمین پر سی آر پی ایف کا ایک بڑا کیمپ قائم کیا جا رہا ہے۔ لیکن ہم حکومت کو کبھی بھی اس زمین پر سی آر پی ایف کالونی بنانے کی اجازت نہیں دیں گے”۔ حکومتی فیصلے کے خلاف سینکڑوں افراد نے احتجاج کرتے ہوئے حکومت سے فیصلہ واپس لینے اور عوام کے جذبات کا احترام کرنے کا مطالبہ کیا۔ واضح رہے کہ حکومت نے جنوبی کشمیر میں تین اضلاع اننت ناگ، شوپیاں اور پلوامہ میں سی آر پی ایف کیمپنگ سائٹس کے لیے 524 کنال اراضی کی نشاندہی کی ہے، جہاں بٹالین کیمپنگ سائٹس کے قیام کے لیے سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کو منتقل کیا جائے گا۔ وہیں دوسرے جانب ایل جی منوج سنہا کی قیادت میں ریاستی انتظامیہ کونسل نے کشمیر کے کچھ حصوں میں سی آر پی ایف کو اراضی کی منتقلی کی منظوری دی ہے۔









