(سرینگر) حضرت غوث العظم دستگیر ؒ کے سالانہ عرس کی اختتامی تقریبات کے سلسلے میں پوری وادی میںتقریبات کا انعقاد کیا گیا اور سب سے بڑی تقریب شیخ عبدالقادر جیلانی ؒ کے آستان عالیہ خانیار میں منعقد ہوئی جہاں پر درودواذکار کی روح پرور مجالس میں عقیدت مندوں کی بھاری تعداد نے شرکت کی اور نماز جمعہ میں لوگوں کے ایک بڑے مجموعے نے شرکت کی جبکہ لوگ نماز کے بعد دستگیر صاحب ؒ کے تبرکات کے دیدار سے فیضیاب ہوئے۔
حضرت شیخ سید عبدالقادر جیلانی ؒ کے سالانہ عرس کی اختتامی تقاریب کے موقعے پر ہر سال کی طرح اس بار بھی اہل وادی نے جوش و خروش اور عقیدت و احترام کا بھرپور مظاہرہ کیا۔ اس حوالے سے سب سے بڑی تقریب خانقاہ غوث العظم دستگیر ؒ خانیار سرینگرمنعقد ہوئی جہاں ہزاروں عقیدت مندبشمول خواتین ذکر و ازکار میں محو رہے ۔خانقاہ میں دن بھر نعت و منقبت، درودواذکار اور ختمات المعظمات کی محفلیں آراستہ ہوئیں۔ دستگیر صاحبؒ کے عرس کے سلسلہ میں خانیار کے ساتھ ساتھ سرائے بالا میں بھی عقیدت مندوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی جس کے نتیجے میں علاقہ کی فضائیں روح پرور آوازوں سے گونجتی رہیں۔ اس دوران وادی کے مختلف علاقوں میں دن بھر لوگوں کی بھاری تعداد نے غوث العظم ؒ کی زیارت گاہوں پر حاضری دی۔ ادھر نمائندوں کے مطابق حضرت غوث العظمؒ کے عرس کی تقریبات آثارشریف پنجورہ شوپیان، خانقاہ دستگیرصاحبؒؒ بارہمولہ، سونہ وار سرینگر، جناب صاحب صورہ، نادی ہل رفیع آباد، بانڈی پورہ ،کھرم سرہامہ، زچلڈارہ ہندوارہ، تجرشریف سوپور اور وادی کے دیگر کئی علاقوں کی مساجد، خانقاہوں اور درگاہوں میں منعقد ہوئیں۔