(گول) حیدرپورہ انکاؤنٹر میں مارے گئے ضلع رام بن کے گول سیری پورہ سے تعلق رکھنے والے عامر ماگرے کے والد نے بھی لیفٹیننٹ گورنر انتظامیہ سے مانگ کی ہے جس طرح الطاف بٹ اور مدثر گل کی نعشیں اُن کے لواحقین کو دی گئی ہیں، میرے بیٹے کی بھی نعش دی جائے، تاکہ میں اُس کی آخری رسومات خود انجام دے سکوں۔ عامر کے والد عبدل لطیف نے بتایا کہ ابھی تک انتظامیہ نے ہم سے کوئی رابطہ نہیں کیا ہے، ہماری عرض ہے جس طرح دو نعشوں کو ورثاء کے حوالے کیا گیا اُسی طرح سے میرے بیٹے کی نعش بھی میرے حوالے کی جائے ۔ دریں اثنا حریت کانفرنس اور محبوبہ مفتی نے بھی عامر کی نعش ان کے لواحقین کو واپس دی جانے کی مانگ کی ہے۔