(آگرہ) ریاست اتر پردیش میں تین کشمیر طلبہ جو ٹی ٹوینٹی عالمی کرکٹ کپ میں پاکستان ٹیم کی بھارت پر فتح کا مبینہ جشن منانے کے الزام پر جیل میں ہے، کی حراست کو آگرہ عدالت نے سات دسمبر تک توسیع کی ہے۔ اس معاملے کی آج آگرہ عدالت میں سنوائی ہوئی جس میں ان طلبہ کی حراست کو سات دسمبر تک بڑھایا گیا ہے۔ وہیں الاآباد عدالت نے وہاں کیس کی منتقلی کی سنوائی کو دس دسمبر تک موخر کیا ہے۔ یاد رہے 24 اکتوبر کو عالمی کپ ٹی-20 میں بھارت بمقابلہ پاکستان کرکٹ میچ میں پاکستان کی فتح پر سوشل میڈیا پوسٹ پر مبینہ جشن منانے کے الزام میں کشمیر کے تین طلبہ کو پولیس نے سڈیشن کا مقدمہ درج کرکے انہیں گرفتار کیا تھا۔ اگرچہ ان کے اہل خانہ نے اترپردیش حکومت سے ان طلبہ کو معاف کرنے کی اپیل بھی کی تھی،تاہم ان پر عدالت میں مقدمہ چلایا جارہا ہے۔ واضح رہے ان طلبہ کا تعلق بانڈی پورہ اور بڈگام اضلاع سے ہیں۔ یہ طلبہ راجہ بلونت سنگھ انجینئرنگ ٹیکنیکل کالج میں پی ایم اسکالرشپ کے تحت زیر تعلیم ہیں۔