(جموں) رام باغ علاقہ میں ہوئے انکاﺅنٹر پر پی ڈی پی سرپرست محبوبہ مفتی کی جانب سے شکوک و شبہات اظہار کرنے کے بعد ڈائر یکٹر جنرل آف پولیس جموں وکشمیر نے کہا ہے کہ کچھ لوگ قاتلوں کو بے گناہ سمجھنے لگے ہیں۔ یاد رہے بدھ کے روز پولیس کی ایک کارروائی میں تین عسکریت پسند ہلاک ہوئے تھے۔ رام باغ واقعہ کے بارے میں پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا تھا کہ پولیس کی جانب سے دیا گیا بیان سچائی سے دور ہے اور زمینی حقائق کے مطابق نہیں ہے۔ محبوبہ مفتی کے انکاؤٹر کے جواز پر شک کے بارے میں پوچھے جانے پر ڈی جی پی دلباغ سنگھ نے کہا کہ کچھ لوگ زمینی حقیقت کو سمجھتے ہیں لیکن کچھ مختلف کہنے کی کوشش کرتے ہیں۔ ڈی جی پی نے مزید کہا کچھ لوگ بد قسمتی سے میڈیا میں عجیب طرح کے بے بنیاد بیان جاری کرکے ملی ٹنٹوں کو معصوم اور بے گناہ ثابت کرنے کی کوشش میں جٹ گئے ہیں میری رائے ہے کہ ایسے لوگ دوغلا پن چھوڑ کر اور کالے چشمے اتار کر حقیقت کو دیکھنے کی کوشش کریں اور قاتلوں کو بے گناہ کہنے کی حماقت نہ کریں۔ خیال رہے ڈی جی پی دلباغ سنگھ نے یہ باتیں پولیس کی جانب سے ججر کوٹلی کے مقام پر باون کلو گرام ہیروئن ضبط کرنے کے دعوے کے بعد اس ضمن میں بلائی گئی ایک پرینس کانفرنس سے خطاب کے دوران کیں۔ اس موقع پر پولیس کے دیگراعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔