(پلوامہ) کووڈ 19 کی وجہ سے یتیم ہونے والے بچوں کی دیکھ ریکھ کر رہی گلوبل ویلفیر چیریٹیبل ٹرسٹ نام کی ایک این جی او کا دفتر پانپور انتظامیہ نے سربمر کر دیا۔ پانپور پولیس اسٹیشن میں اس سلسلے میں معاملہ درج کرکے دو افراد کی گرفتاری عمل میں لائی گئی ہے۔
واضح رہے کہ بعض میڈیا خبروں میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ کووڈ کے باعث اپنے والدین کو کھونے والے کشمیری بچے بھارت کے بازاروں میں ’فروخت‘ کے لیے تیار ہیں۔ میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ مذکورہ این جی او نے کووڈ کے سبب یتیم ہونے والے ایک بچے کے لیے 75,000 روپے کی پیشکش کی ہے۔ریاستی انتظامیہ نے خبروں کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے کارروائی انجام دی۔ مشن ڈائریکٹر آئی سی پی ایس جے اینڈ کے نے متعلقہ حکام کو مقدمہ درج کرنے کی ہدایت دی جس کے بعد پانپور پولیس اسٹیشن میں ایف آئی آر درج کی گئی۔ اعلیٰ حکام کے احکامات کے بعد پانپور پولیس نے جمعرات کو گلوبل ویلفیر چریٹیبل ٹرسٹ نام کی این جی او کے دفتر پر چھاپہ مارا اور وہاں سے تمام ضروری کاغذات اپنی تحویل میں لے کر این جی او دفتر کو سربمہر کر دیا۔ پولیس اسٹیشن پانپور نے اس ضمن میں ایک مقدمہ زیر نمبر 153/2021 کے تحت درج کرکے دو افراد کو گرفتار کر لیا ہے جبکہ اس سلسلے میں مزید گرفتاریاں متوقع ہیں۔