(سرینگر) وادی کشمیر میں آتشزدگی کی دو الگ الگ وارداتوں میں کم سے کم تین رہائشی مکان اور ایک رہائشی ہٹ خاکستر ہوگئیں۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ شہرہ آفاق جھیل ڈل میں نہرو پارک کے نزدیک ہفتے کی علی الصبح ایک ہٹ میں آگ نمودار ہوئی جس کے شعلوں نے پلک جھپکتے ہی اس کو اپنی لپیٹ میں لے کر راکھ کے ڈھیر میں تبدیل کر دیا۔رہائشی ہٹ کے مالک کی شناخت نثار احمد ڈنگولہ کے بطور ہوئی ہے۔ادھر ضلع بارہمولہ کے قصبہ اوڑی کے ہلن ہاکھ پتھری بونیار میں دوران شب تین رہائشی مکان خاکستر ہوگئے، اطلاعات کے مطابق آگ ایک مکان سے ظاہر ہوئی جس نے آناً فاناً دو اور مکانوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا. آگ کی وجہ سے ایک آنگن واڈی سینٹر سمیت لال دین خٹانہ، معراج الدین خٹانہ اور محمد یعقوب خٹانہ کے مکانات کو نقصان پہنچا ہے.