(نئی دہلی/اسلام آدباد) کیا پاکستان اور بھارت کے درمیان تناؤ کی شدت میں کمی آرہی ہیں؟ اطلاعات کے مطابق ایک برس سے زائد عرصے کے بعد ایک بار پھر دونوں ملکوں کی جانب سے سرکاری ویزوں کا اجرا کر دیا گیا ہے۔ ذرائع کے حوالے سے میڈیا خبروں کےمطابق دونوں ممالک نے سفارتکاروں اور اہلکاروں کو ویزے جاری کر دیے ہیں۔ یاد رہے کہ 5 اگست 2019 ء کو جموں و کشمیر کے بٹوارے اور خصوصی پوزیشن ختم کرنے کے بعد دوسری بار سرکاری ویزے جاری کیے گئے۔ اطلاعات کے مطابق اکتوبر تک دی گئی ویزا درخواستوں پر ویزے جاری کئے گئے ہیں، بھارت نے 20 پاکستانی سفارت کاروں اور اہلکاروں کو ویزے جاری کیے جبکہ پاکستان نے 6 بھارتی سفارت کاروں اور اہلکاروں کو ویزے دیئے۔ امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ ویزوں کے اجرا کے بعد ایک دوسرے کے ملک میں تعیناتی کا عمل جلد مکمل ہوجائے گا۔