(نئی دہلی) جموں و کشمیر کی اسمبلی سیٹوں کو دوبارہ ترتیب دینے کے لیے قائم کیے گئے حد بندی کمیشن نے اپنے ‘پیپر 1’ میں جموں خطے کے لیے چھ اضافی اور وادی کشمیر کے لیے ایک نشست کی تجویز دی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ جموں و کشمیر میں ایس ٹی کے لیے نو اور ایس سی کے لیے سات سیٹیں تجویز کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ پہلا موقع ہے جب جموں و کشمیر میں ایس ٹی کے لیے سیٹیں تجویز کی گئی ہیں۔ ایسوسی ایٹ ممبران ، جموں و کشمیر کے پانچ لوک سبھا ممبران نے میٹنگ میں شرکت کی۔ ان سے اس ماہ کے آخر تک اس تجویز کا جواب دینے کو کہا گیا ہے۔ مرکزی وزیر جتیندر سنگھ اور نیشنل کانفرنس لیڈر فاروق عبداللہ بھی اس میٹنگ میں شامل تھے۔ حد بندی کمیشن کی سربراہی سپریم کورٹ کی سابق جج رنجنا پرکاش دیسائی کر رہی ہیں۔ چیف الیکشن کمشنر سشیل چندرا اس پینل کے سابقہ رکن ہیں۔