(سرینگر) وادی کشمیر میں خشک موسم کے بیچ محکمہ موسمیات نے سال نو کے پہلے ہفتے کے دوران برف و باراں کے ایک اور مرحلے کی پیش گوئی کی ہے۔ موسمیات محکمے کے ایک ترجمان نے بتایا کہ وادی کشمیر میں اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کا امکان ہے۔ انہوں نے کہا کہ یکم جنوری سے تین جنوری تک موسم کہیں کہیں خراب ہو سکتا ہے تاہم چار جنوری سے چھ جنوری تک میدانی علاقوں میں درمیانی درجے جبکہ بالائی علاقوں میں کہیں کہیں بھاری برف متوقع ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ دو جنوری تک شبانہ درجہ حرارت میں مزد گراوٹ کا امکان ہے۔ ادھر مطلع صاف رہنے سے وادی میں شبانہ درجہ حرارت میں مزید گراوٹ درج ہوئی ہے۔ سرینگر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی4.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ گذشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت منفی2.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔ گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت9.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت منفی10.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔ پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی8.9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت منفی6.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔ دریں اثنا وادی میں جمعرات کو چلہ کلان کے دسویں روز موسم خشک رہا اور دن میں ہلکی دھوپ بھی چھائی رہی۔