(سرینگر) محکمہ موسمیات کی طرف سے درمیانی درجے سے بھاری برف باری کی پیش گوئی کے بیچ وادی کشمیر کے بیشتر مقامات پر کئی روز بعد شبانہ درجہ حرارت نقطہ انجماد سے اوپر درج کیا گیا جس سے لوگوں کو رات کی ٹھٹھرتی سرد یوں سے قدرے راحت نصیب ہوئی۔ موسمیات محکمے کے ایک ترجمان کی پیش گوئی کے مطابق جموں وکشمیر اور لداخ میں 4 سے 6 جنوری تک درمیانی درجے سے بھاری برف باری متوقع ہے جس سے زمینی و ہوائی ٹرانسپورٹ متاثر ہونے کا بھی امکان ہے۔
ادھر زوجیلا میں اتوار کی شام تازہ برف باری کے پیش نظر حکام نے سونہ مرگ زوجیلا روڈ کو ٹریفک کی نقل وحمل کے لئے بند کر دیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ روڈ کو قابل آمد و رفت بنانے کے لئے مشینری اور نفری کو کام پر لگا دیا گیا ہے۔ مطلع ابر االود رہنے سے وادی کے بیشتر مقامات پر شبانہ درجہ حرارت کئی روز بعد نقطہ انجماد سے اوپر درج کیا گیا۔ سرینگر میں کم سے کم درجہ حرارت 3.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ گذشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت 0.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔ یاد رہےسرینگر میں 18 دسمبر کو ماہ رواں کی سرد ترین رات ریکارڈ ہوئی تھی جب کم سے کم درجہ حرارت منفی6.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔ گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی5.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت منفی6.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔ پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی3.o ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت منفی1.7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔