(سرینگر) ضلع اننت ناگ کے نئی بستی علاقے میں آگ کی ایک شبانہ واردات میں دو شاپنگ کمپلیکسز خاکستر ہوگئے اور ایک ٹا ٹا موبائیل گاڑی کو بھی نقصان پہنچا۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ اننت ناگ کے نئی بستی علاقے میں جمعہ اور ہفتے کی درمیانی شب قریب بارہ بجے ایک چار منزلہ شاپنگ کمپلیکس کے ایک الیکٹرسامان کے ایک گودام میں آگ نمودار ہوئی جس کے شعلوں کو عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔انہوں نے کہا کہ گرچہ فائر ٹنڈرس بھی اطلاع موصول ہونے کے فوراً بعد جائے واردات پر پہنچے اور آگ کو قابو میں کرلیا لیکن کروڑوں روپیوں کی مالیت کے سامان کو راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہونے سے نہیں بچا سکے۔ان کا کہنا تھا کہ شاپنگ کمپلیکسز کے گوداموں میں مخلتف اشیا جیسے الیکٹرک، پلاسٹک، المونیم وغیرہ کا سامان موجود تھا جو جل گیا ہے۔مذکورہ ذرائع نے بتایا کہ آگ کی اس واردات میں ایک ٹا ٹا موبائیل کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ گرچہ آگ سے کروڑوں روپیوں مالیت کا مالی نقصان ہوا ہے تاہم کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔دریں اثنا پولیس نے اس ضمن میں ایک کیس درج کرکے کارروائی شروع کی ہے۔