(سرینگر) جموں و کشمیر پولیس نے ڈاؤن ٹاؤن سرینگر کے عثمانیہ کالونی وانٹہ پورہ کے نزدیک منگل کی شام ایک 24 سالہ دو شیزہ پر تیزاب پھینکنے کے واقعے میں ملوث تین افراد کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ ایک پولیس ترجمان نے بدھ کے روز اپنے ایک بیان میں اس واقعے کے متعلق تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ یکم فروری کی شام سری نگر پولیس کو ایک اطلاع موصول ہوئی کہ حول علاقے میں جو پولیس اسٹیشن نوہٹہ کے دائرہ اختیار میں پڑتا ہے، میں ایک24 سالہ دوشیزہ پر تیزاب پھینکنے کا واقعہ پیش آیا ہے۔انہوں نے بیان میں کہا کہ اطلاع موصول ہونے پر پولیس اسٹیشن نوہٹہ میں ایک مقدمہ درج کیا گیا اور اس ضمن میں فوری طور پر تحقیقات شروع کی گئیں۔ ترجمان نے بیان میں کہا: ’زمینی سطح کی ابتدائی تحقیقات اور تیکنیکی تجزیہ کرنے کے بعد ایک مشتبہ شخص کا نام سامنے آگیا جس کی بنا پر اس واقعے میں ملوث اصلی ملزم ساجد الطاف راتھر ولد محمد الطاف راتھر سکان بچھوارہ ڈلگیٹ کو گرفتار کیا گیا‘۔ ابتدائی پوچھ گچھ کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ ملزم کو متاثرہ لڑکی میں دلچسپی تھی۔ چونکہ لڑکی نے ملزم کی شادی کی پیشکش کو ٹھکرایا تھا جس وجہ سے وہ اس کو ستا رہا تھا۔ ملزم جو ایک میڈیکل شاپ میں کام کرتا تھا، یکم فروری کی شام ایک اسکوٹی پر اس جگہ کی طرف روانہ ہوگیا جہاں متاثرہ لڑکی دوسرے ملزم مومن نذیر شیخ ولد نذیر احمد شیخ ساکن مہجور نگر سرینگر، جس کو گرفتار کیا گیا، کے ساتھ کام کرتی تھی۔ بیان میں کہا گیا کہ جب متاثرہ لڑکی شام کو گھر لوٹ رہی تھی تو ملزم نے اس کا تعاقب کرکے اس پر تیزاب پھینکا اور واپس دکان کی طرف بھاگا۔ پولیس بیان میں کہا گیا کہ اس جرم میں استعمال کی جانے والی اسکوٹی کو بھی ضبط کیا گیا۔ بیان میں کہا گیا کہ ملزم نے تیزاب اپنے ایک شناسا محمد سلیم ولد عبدل گنائی ساکن پادشاہی باغ، جو انٹرنیشنل موٹرس میں ایک میکانک کی حیثیت سے کام کرتا ہے، سے لیا تھا جس کو مزید پوچھ تاچھ کے لئے گرفتار کیا گیا ہے۔
Three accused arrested by Srinagar police in acid attack case. There will be always a policy of stringest legal action against such inhuman acts. Legal action will also be taken against all shops which are not following Hon’ble SC directions about stockage of Acidic material. pic.twitter.com/Z39SQCPUee
— Srinagar Police (@SrinagarPolice) February 2, 2022
پولیس نے بیان میں کہا ہے کہ اس ورک شاپ کو سیل کرنے کے لئے قانونی عمل شروع کیا گیا ہے کیونکہ اس کے ایک ملازم کی طرف سے ہائی کورٹ ہدایات کی خلاف ورزی کرتے ہوئے تیزاب بیچا تھا۔ ساتھ ہی سرینگر کے تمام دکانداروں سے تاکید کی گئی ہے کہ وہ تیزاب بیچنے کے لئے سپریم کورٹ کی ہدایات پر عمل کریں۔










