(نئی دہلی) وزیر اعظم نریندر مودی نے وفاقیت پر بار بار سوال اٹھانے پر کانگریس پر سخت حملہ کرتے ہوئے کہا کہ اسے اپنا نام ‘انڈین نیشنل کانگریس’ سے بدل کر’فیڈریشن آف کانگریس’ رکھ لینا چاہیے۔منگل کو ایوان بالا راجیہ سبھا میں صدر کے خطاب پر شکریہ کی تحریک پر گیارہ گھنٹے طویل بحث کا جواب دیتے ہوئے مسٹر مودی نے کہا کہ کانگریس کو ‘نیشن’ پر اعتراض ہے یعنی ‘نیشن’ اس کے تصور میں غیر آئینی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انڈین نیشنل کانگریس کو اپنا نام بدل کر ‘فیڈریشن آف کانگریس’ رکھ لینا چاہیے۔جب کانگریس کے ارکان سخت احتجاج کرتے ہوئے ایوان سے باہر نکلنے لگے تو وزیر اعظم نے کہا کہ جمہوریت میں صرف سنانا ہی نہیں بلکہ سننا بھی ہے۔برسوں سے اُدیش دینے کی عادت کی وجہ سے کانگریس کو الفاظ سننے میں دقت محسوس ہورہی ہے۔انہوں نے کہا کہ آئین کی تشکیل دینے والے بابا صاحب بھیم راؤ امبیڈکر نے کہا تھا کہ انتظامی سہولت کے لیے ریاستوں کو تقسیم کیا جا سکتا ہے لیکن ملک مکمل طور پر ایک ہے.